کانگریس کا کسانوں کے بھارت بند کو حمایت دینے کا اعلان
نئی دہلی، ستمبر۔کانگریس نے کہا ہے کہ کسانوں کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے اور حکومت ان کے جائز مطالبات کو نہیں سن رہی ہیں اس لئے پارتی 27 ستمبر کو کسانوں کے بھارت بند کی حمایت کرے گی۔کانگریس ترجمان گورو ولّو نے سنیچر کو یہاں پارٹی ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت منڈیوں کو ختم کررہی ہے اور زرعی قوانین کے ذریعہ کسانون کو تباہ کرنے کے منصوبے پر کام کررہی ہے اس لئے کانگریس کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے بھارت بند کی حمایت کرکے اسے کامیابی بنانے کے لئے پرزور کوشش کرے گی۔ترجمان نے کہا کہ حکومت کسانوں کو نقصان پہنچانے کی اپنی پالیسی پر بضڈ ہے اور وہ کسانون سے بات تک نہیں کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک کررہے کسانوں کے ساتھ حکومت نے جنوری سے اب تک کوئی بات نہیں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے گیہو پر کم از کم امدادی قیمت 40 پیسے فی کلو گرام بڑھائی ہے جبکہ وزیراعظم نریندر مودی جب گجرات کے وزیراعلی تھے تو وہ ایم ایس پی کو قانونی درجہ دینے کی بات کرتے تھے لیکن آج وہ مکر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی حکومت کسانوں کی بہبود کی بات تو کرتی ہے لیکن اصلیت یہ ہے کہ اس کے دور اقتدار میں کسانوں کے بحران میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ جبکہ کورونا کے وقت کسانوں نے تین فیصد کی گروتھ کرکے ملک کی معاشی پوزیشن کو مضبوط بنانے کا کام کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کی بہبود کی بات کرنے والی مودی حکومت میں گزشتہ سات برسوں کے دوران زراعت پر لاگت میں 25 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے اور کسان کی یومیہ آمدنی 27 روپے رہ گئی ہے۔ترجمان نے کہا کہ کسانوں کی آمدنی 14۔2013 میں 48 فیصد تھی جو اب گھٹ کر 38 فیصد رہ گئی ہے۔ اسی طرح کسانوں پر قرض 13۔2012 میں 47000 روپے تھا جو آج فی کسان بڑھ کر 74121 روپے تک پہنچ گیا ہے۔