کانگریس نے مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن دیا: راجناتھ

بیلگاوی، اپریل ۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بدھ کو کہا کہ کانگریس ملک کی تاریخ کی سب سے زیادہ فرقہ پرست پارٹی ہے کیونکہ اس نے مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن دیا ہے۔آج یہاں بیلگاوی ضلع کے کاگواڑ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا کہ ہندوستان کی تاریخ میں اگر کوئی سیاسی پارٹی ایسی ہے جس نے اقتدار میں آنے کے لیے مذہب کا سہارا لیا ہو تو وہ کانگریس ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے اپنی پہلی میعاد میں مسلمانوں کو خوش کرنے کے لیے کرناٹک میں مذہبی بنیادوں پر چار فیصد ریزرویشن دیا تھا۔ اس کے برعکس بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ہندوؤں، مسلمانوں اور عیسائیوں کی سیاست نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے مسلمانوں اور عیسائیوں کو اقتصادی طور پر کمزور طبقہ کے زمرے میں ریزرویشن دیا ہے، لیکن انہیں مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن دینا غیر آئینی ہے۔واضح رہے کہ کرناٹک میں ماڈل ضابطہ اخلاق کے نفاذ سے صرف چند دن پہلے ریاست میں وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی کی قیادت والی بی جے پی حکومت نے دیگر پسماندہ طبقات کے 2بی زمرے کے تحت مسلمانوں کے لیے چار فیصد ریزرویشن ختم کرتے ہوئے انہیں معاشی طور سے کمزور زمرے میں تقسیم کردیا تھا۔2بی زمرہ کو ختم کرنے کے بعد حکومت نے بالترتیب 2سی اور 2 ڈی زمرہ جات میں ووکلیگا اور لنگایت کے درمیان چار فیصد ریزرویشن مساوی طور پر تقسیم کیا تھا۔اس کے بعد مختلف مسلم اداروں نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا، جس نے کرناٹک حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ 9 مئی کو اس معاملے کی سماعت تک اپنے حکم پر عمل درآمد نہ کرے۔کرناٹک میں 10 مئی کو انتخابات ہوں گے اور 13 مئی کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

Related Articles