کانگریس لیڈر راہل گاندھی 27 جنوری کو پنجاب میں انتخابی مہم شروع کریں گے

چنڈی گڑھ، جنوری ۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے 27 جنوری کو پنجاب کا دورہ کرنے کا امکان ہے جہاں وہ کانگریس کی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔پارٹی ذرائع سے آج ملی اطلاع کے مطابق مسٹر گاندھی پنجاب پہنچنے پر سب سے پہلے گولڈن ٹمپل میں متھا ٹیکیں گے اور امکان ہے کہ ان کے ساتھ تمام 117 اسمبلی حلقوں کے امیدوار بھی ہوں گے۔ الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق جلسوں پر پابندی کے باعث ورچول ریلی سے خطاب کریں گے۔امکان ہے کہ بقیہ 31 امیدواروں کا اعلان مسٹر گاندھی کی آمد سے پہلے ہو سکتا ہے۔ متھا ٹیکنے کے بعد وہ پارٹی رہنماؤں کے ساتھ جالندھر جائیں گے، جہاں وہ پارٹی کارکنوں سے ورچول ریلی سے خطاب کریں گے اور کانگریس کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے نئی سوچ نیا پنجاب کا نعرہ دے کر طویل عرصے سے اندرونی تصادم سے جوجھ رہی کانگریس میں نئی جان پھونکیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں وہ زیادہ سے زیادہ سیٹیں لے کر اقتدار میں آنے میں کامیاب ہوئی تھی، لیکن گزشتہ کئی برسوں سے پارٹی کو کئی اتار چڑھاؤ سے گزرنا پڑا اور جیسے جیسے انتخابات قریب آتے گئے، پارٹی میں تصادم اس قد بڑھ گیا ہے کہ ستمبر میں وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ کو عہدے سے ہٹنا پڑا اور انہوں نے ذلت محسوس کرتے ہوئے پارٹی چھوڑ دی۔ اس کے بعد ایک نئی مصیبت شروع ہوئی اور کانگریس کے ریاستی صدر نوجوت سدھو کی وزیر اعلیٰ بننے کی خواہش زمیں پر دھڑام سے آگئی۔ یہی نہیں کئی دوسرے لیڈر بھی وزیر اعلیٰ کے عہدے کی دوڑ میں تھے لیکن ہائی کمان نے مسٹر چرنجیت چنی کو وزیر اعلیٰ بنا دیا۔ امریندر سنگھ کو وزیر اعلیٰ کے عہدے سے ہٹانے والا دھڑا ٹوٹ گیا اور ان کے عزائم زور پکڑنے لگے جس سے پارٹی میں پھوٹ پڑ گئی۔ تب سے کانگریس میں اتحاد کہیں کھو گیا ہے۔ انتخابات میں 86 سیٹوں پر امیدواروں کا اعلان کیا گیا ہے، لیکن کئی سیٹوں پر کانگریسی ایک دوسرے کے دشمن ہیں۔ یہ دیکھنا باقی ہے کہ کیا مسٹر گاندھی کا دورہ کانگریسیوں میں اتحاد کا بیج بو سکتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ کانگریس چار چہروں کے ساتھ الیکشن لڑے گی جس میں وزیر اعلیٰ چنی، کانگریس صدر نوجوت سدھو، سنیل جاکھڑ اور پرتاپ سنگھ باجوہ شامل ہیں۔

Related Articles