مودی منگل کو انڈین سائنس کانگریس کا افتتاح کریں گے

نئی دہلی، جنوری ۔ وزیر اعظم نریندر مودی 3 جنوری بروز منگل 108ویں انڈین سائنس کانگریس کا افتتاح کریں گے اور پورے اجلاس کا جائزہ لیں گے۔ وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والی ایک ریلیز کے مطابق مہاراشٹر میں راشٹرسنت تکدوجی مہاراج ناگپور یونیورسٹی (آر ٹی ایم این یو) کے امراوتی روڈ کیمپس میں منعقد ہونے والی سائنس کانگریس کی افتتاحی تقریب صبح 9:30 بجے شروع ہوگی، مسٹر مودی اس پروگرام میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کریں گے۔ سائنس اور ٹکنالوجی کی وزارت کی طرف سے جاری کردہ ایک ریلیز کے مطابق پرائیڈ آف انڈیا میگا ایکسپو جس میں بڑے پیمانے پر ہندوستانی سائنس اور ٹکنالوجی کے معاشرے میں نمایاں شراکت کو دکھایا جائے گا، مرکزی توجہ کا مرکز ہوگا۔افتتاحی اجلاس میں مہاراشٹر کے گورنر اور مہاراشٹر کی سرکاری یونیورسٹیوں کے چانسلر بھگت سنگھ کوشیاری، مرکزی وزیر اور آر ٹی ایم این یو صد سالہ تقریبات کے لیے مشاورتی کمیٹی کے چیئرمین نتن گڈکری، سائنس و ٹیکنالوجی اور ارتھ سائنسز کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) ڈاکٹرجتیندر سنگھ، مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس شرکت کریں گے۔اس موقع پر راشٹرسنت تکدوجی مہاراج ناگپور یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سبھاش آر چودھری اور انڈین سائنس کانگریس ایسوسی ایشن (آئی ایس سی اے) کے صدر ڈاکٹر وجے لکشمی سکسینہ کی خصوصی موجودگی ہوگی۔ اس سال پروگرام کا تھیم ہے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فار سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ ود ویمن ایمپاورمنٹ کانفرنس کا عوامی مکالمہ اور نمائش عام لوگوں کے لیے کھلی رہے گی۔ 108ویں انڈین سائنس کانگریس کے تکنیکی اجلاس کو 14 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جس کے تحت یونیورسٹی کے مہاتما جیوتیبا پھولے ایجوکیشنل کمپلیکس میں مختلف مقامات پر متوازی سیشن منعقد کیے جائیں گے۔ان 14 حصوں کے علاوہ خواتین کی سائنس کانگریس، کسانوں کی سائنس کانگریس، بچوں کی سائنس کانگریس، قبائلی سماگم، سائنس اینڈ سوسائٹی اور سائنس کمیونیکیٹر کی کانگریس کا ایک ایک سیشن بھی منعقد کیا جائے گا۔

Related Articles