کاروباری گلاب لدھانی کے آگرہ اور لکھنؤ کے ٹھکانوں پر انکم ٹیکس کے چھاپے
آگرہ، اکتوبر۔محکمہ انکم ٹیکس نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے جمعہ کو شہر کے معروف کاروباری گلاب چند لدھانی کے یہاں چھاپہ مارا۔ آگرہ کے ساتھ ساتھ دہلی، نوئیڈا اور لکھنؤ سمیت دیگر شہروں میں بھی یہ چھاپے مارے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق لاجپت کنج میں واقع لدھانی کی کوٹھی سمیت چھ سے سات احاطوں پرمحکمہ انکم ٹیکس کی ٹیمیں تلاشی لینے میں مصروف ہیں۔ لدھانی ہوٹل، کولڈ ڈرنکس اور دیگر کاروبار سے وابستہ ہیں۔دہلی میں انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کے جوائنٹ ڈائرکٹر آفس کی ہدایت پر رات دیر گئے دہلی سے آئی سرچ ٹیم نے صبح چار بجے آگرہ کے افسران کو بھی اپنے ساتھ شامل کیا اور چھاپہ مار کارروائی شروع کی۔ انکم ٹیکس افسران اور پولیس کے ساتھ تمام احاطے پر صبح شروع کی گئی کارروائی نے لدھانی خاندان اور ان کے قریبی لوگوں میں ہلچل مچا دی۔جیسے ہی سرچ ٹیمیں تمام احاطے میں پہنچیں وہاں موجود لوگوں کے موبائل فون بند کروا دیے اور نامعلوم جائیداد اور دستاویزات کی تلاش شروع کر دی۔ محکمہ انکم ٹیکس سے وابستہ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی دہلی دفتر سے جمع کی گئی معلومات کی بنیاد پر کی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ کارروائی کافی طویل ہوسکتی ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ تلاش میں 24 سے 48 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ گلاب لدھانی کے ٹھکانوں پر سال 2013 میں بھی محکمہ انکم ٹیکس نے چھاپے مارے تھے۔