کائل جیمیسن چوٹ کے باعث تیسرے ٹیسٹ سے باہر ہو سکتے ہیں
ناٹنگھم، جون ۔ نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز کائل جیمیسن ٹرینٹ برج ٹیسٹ کے چوتھے دن میدان پر نہیں اتر سکیں گے۔ وہ تیسرے دن 17ویں اوور کے دوران میدان سے باہر چلے گئے۔ ان کی کمر کے نچلے حصے میں بہت درد تھا۔ اب ان کا ایم آر آئی اسکین کیا جائے گا تاکہ تاکہ چوٹ کی شدت کا اندازہ لگایا جا سکے۔تاہم جب جیمیسن میدان میں تھے تب بھی نیوزی لینڈ کی ٹیم انگلینڈ کے بلے بازوں کو تیز رفتار سے رن بنانے سے نہ روک سکی۔ انگلینڈ نے مجموعی طور پر 383 رنز بنائے۔ جیمیسن گیندبازی میں کچھ زیادہ نہیں کر پائے تھے۔ انہوں نے اپنے اسپیل میں چار رنز فی اوور خرچ کیے اور کوئی وکٹ نہیں لیا۔ جیمیسن نے دو سال قبل نیوزی لینڈ کے لیے پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا۔ اپنے ڈیبیو کے بعد سے یہ ان کی سب سے مہنگی گیندبازی کارکردگی ہے۔جیمیسن گزشتہ دو سال سے نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کا لازمی حصہ ہیں۔ گزشتہ 17 ٹیسٹ میں صرف ایک ٹیسٹ ایسا تھا جہاں جیمیسن ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔ اپنے 16 میچوں کے ٹیسٹ کیریئر میں ان کی اوسط 20 سے کم ہے۔ ابھی چند روز قبل وہ آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں تیسرے نمبر پر تھے۔ جیمیسن کو اپنے ڈیبیو کے بعد سے کبھی بھی شدید چوٹ نہیں آئی۔تیسرا ٹیسٹ دوسرے ٹیسٹ کے اختتام کے ایک ہفتے بعد شروع ہوگا۔ جیمیسن نہ کھیلے تو نیوزی لینڈ تیسرے ٹیسٹ کے لیے نیل ویگنر کو ٹیم میں شامل کر سکتا ہے۔ اس سے قبل کین ولیمسن بھی کورونا انفیکشن کے باعث ٹیم سے باہر ہوگئے تھے۔