ڈوپنگ کا سٹنگ: جمناسٹ دیپا کرماکر پر 21 ماہ کی پابندی
نئی دہلی، فروری۔ہندوستان کی اسٹار جمناسٹ دیپا کرماکر پر بین الاقوامی جانچ ایجنسی (آئی ٹی اے) نے ممنوعہ مادوں کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد 21 ماہ کی پابندی لگا دی ہے۔ آئی ٹی اے نے ایک بیان میں کہا کہ دیپا کرماکر پر پابندی 10 جولائی 2023 کو ختم ہو جائے گی۔ دیپا کے نمونے 11 اکتوبر 2021 کو لیے گئے تھے۔ دیپا نے ہائی جینامائن کا استعمال کیا، ایک ممنوعہ دوا جو ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کی ممنوعہ ادویات کی فہرست میں آتی ہے۔ ہائی جینامائن کو 2017 میں ورلڈ ڈوپنگ ایجنسی کی ممنوعہ اشیاء کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔ دیپا پر پابندی کا مطلب ہے کہ وہ جمناسٹک ورلڈ کپ کے تمام ٹورنامنٹس اور ورلڈ کپ چیلنج کپ کی چھ میں سے کم از کم تین سیریز سے محروم ہو جائیں گی۔ وہ 23 ستمبر 2023 کو اینٹورپ میں شروع ہونے والی اولمپک کوالیفائر ایونٹنگ ورلڈ چیمپئن شپ کے لیے اہل ہوں گی۔ دیپا ہندستان کی واحد جمناسٹ ہیں جنہوں نے اولمپکس میں حصہ لیا ہے۔ تریپورہ سے تعلق رکھنے والی جمناسٹ نے 2016 کے ریو اولمپکس میں خواتین کے والٹ فائنل میں چوتھی پوزیشن حاصل کرکے ملک کے لیے تاریخ رقم کی تھی۔