پی سی بی چیئرمین رمیز راجہ کا یاسر شاہ ایف آئی آر پر ردعمل

ایسی سرخیاں پاکستان کرکٹ کے لیے اچھی نہیں ہیں

کراچی، دسمبر۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے یاسر شاہ کے خلاف درج ایف آئی آر پر اپنی خاموشی توڑتے ہوئے بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس میں باضابطہ بیان جاری کیا۔ پاکستان کے لیگ اسپنر یاسر شاہ پر ایک لڑکی کو اغوا کرنے، چھیڑ چھاڑ کرنے اور دھمکیاں دینے میں اپنے دوست کی مدد کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ رمیز راجہ نے کہا کہ لیگ اسپنر یاسر شاہ پر ایک لڑکی کے ساتھ مبینہ عصمت دری کے عائد الزامات پاکستان کرکٹ کے لئے اچھے نہیں۔ بدھ کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، رمیز راجہ نے کہا، یہ کوئی دماغ لگانے والی بات نہیں ہے۔ یاسر ایک بڑا کھلاڑی ہے اور جب ہم ان کھلاڑیوں کو تربیت اور تعلیم دیتے ہیں تو وہ ایمبیسڈر کے عہدوں پر ہوتے ہیں اور انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ کس کے ساتھ اور کہاں بات چیت کرنی ہے۔ میں نہیں جانتا کہ اس معاملے میں سچائی کیا ہے لیکن یہ سچ ہے کہ ایسی سرخیاں پاکستان کرکٹ کے لیے اچھی نہیں ہیں اور خاص طور پر ایسے وقت میں جب پاکستان کرکٹ میں ایک فیل گڈ فیکٹر چل رہا ہے۔ پی سی بی کے سربراہ نے کہا، یاسر سمیت تمام کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کو باقاعدگی سے ایمبیسڈر کے طور پر ان کی ذمہ داریوں اور عوامی طور پر برتاؤ کے طور طریقہ کے بارے میں یاد دلایا جاتا ہے۔ اس میں کوئی اگر مگر نہیں ہے۔ انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ کس کے ساتھ یا کب میل جول رکھنا ہے ۔ رمیز نے کہا کہ انہوں نے ستمبر میں چیئرمین پی سی بی کا عہدہ سنبھالنے کے فوراً بعد کھلاڑیوں کے معاوضے میں اضافہ کر دیا تھا کیونکہ وہ چاہتے تھے کہ تمام کھلاڑی مالی طور پر مضبوط ہوں۔ وہ چاہتے ہیں کہ یہ کھلاڑی اچھی کمائی کریں لیکن ان کی پاکستان کرکٹ اور کھیل کے حوالے سے بھی ذمہ داریاں ہیں۔ واضح رہے کہ تجربہ کار لیگ اسپنر یاسر شاہ کے دوست کے خلاف مبینہ طور پر 14 سالہ لڑکی کے ریپ کا مقدمہ درج کردیا گیا جبکہ پاکستانی کرکٹر پر دوست کی معاونت اور لڑکی کودھمکانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔اسلام آباد کے تھانہ شالیمار میں یاسرشاہ کے دوست فرحان کو 14سالہ لڑکی کے مبینہ ریپ کے مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے جہاں ان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ فرحان نے میٹرک کی طالبہ کا ریپ کیا اور یاسر شاہ نے اس سلسلے میں ان کی بھرپور معاونت اور مدد کی۔ یاسر نے پاکستان کے لیے 46 ٹیسٹ اور 25 ون ڈے کھیلے ہیں لیکن انگلی کی انجری کی وجہ سے حالیہ دورہ بنگلہ دیش سے باہر ہو گئے۔

Related Articles