پوتین کے مقرب فلاسفرکی بیٹی ماسکو میں پراسرار بم دھماکے میں ہلاک

ماسکو،اگست۔روس کی ’ٹاس‘نیوز ایجنسی نے ہفتے کی شام بتایا کہ مشہور روسی فلسفی الیگزینڈر ڈوگین کی بیٹی ڈاریا ڈوگین کی کار میں دارالحکومت ماسکو کے مضافات میں واقع گاؤں بولشے ویازیوما کے قریب پراسرار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہو گئیں۔حکام نے بتایا کہ بولچی ویازیوما گاؤں کے قریب ایک کار میں دھماکہ ہوا۔پاپولر موومنٹ روسی ہورائزن کے سربراہ آندرے کراسنوف جو ڈاریا کو جانتے تھے نیبتایا کہ وہ اس سانحے سے چند گھنٹے قبل روایات میلے میں اس کے ساتھ موجود تھے۔اس نے ٹاس کو بتایا کہ ہاں یہ ایک بہت مشکل واقعہ تھا میں ڈاریا کو ذاتی طور پر جانتا تھا۔ دھماکا اس وقت ہوا جب ڈاریا موزہسک ہائی وے پر مڑ گئی۔ دھماکے کے فوری بعد گاڑی میں آگ لگ گئی اور وہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔ وہ اس وقت تیز رفتاری سے گاڑٰ چلا رہی تھی۔ جب دھماکہ ہوا تو گاڑی بے قابو ہو کردوسری طرف چلی گئی۔ڈیلی بیسٹ کے مطابق تفتیش کار اس دھماکے کو الیگزینڈر ڈوگین کے لیے ایک اہدافی کارروائی قرار دیتے ہیں۔پیٹر لنڈسٹروم نامی روسی وائلن بجانے والے نے انکشاف کیا کہ الیگزینڈر ڈوگین اپنی بیٹی کے ساتھ کار میں موجود تھے لیکن آخری لمحات میں وہ دوسری کار میں سوار ہو گئے۔جبکہ ڈونیٹسک عوامی جمہوریہ کے صدر ڈینس پشلین نے دھماکے میں یوکرینی حکومت کے ملوث ہونے کاالزام عاید کیا ہے اور کہا ہے کہ یوکرینی دہشت گرد ایک عرصے سے ڈوگین کا تعاقب کررہے تھے۔خیال رہے کہ الیگزینڈر ڈوگین کو روسی صدر کے خیالات پر ان کے مبینہ اثر و رسوخ کی وجہ سے (ولادیمیر) پوتین کا دماغ قرار دیا جاتا ہے۔ان کی بیٹی ڈاریا، یوکرین میں روسی آپریشن کی حمایت میں آواز اٹھاتی رہی ہے اور امریکی حکومت نے مارچ میں اس پر پابندی لگا دی تھی۔

Related Articles