پنجاب کانگریس کے چار سابق وزراء بی جے پی میں شامل

چنڈی گڑھ، جون۔ پنجاب کانگریس کو ایک بڑا جھٹکا دیتے ہوئے اس کے چار سابق وزراء آج بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہو گئے۔بی جے پی کے سابق صدر اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ آج شہر آئے ہوئے ہیں۔ پنجاب بی جے پی کے صدر اشونی شرما نے ان لیڈروں کو پارٹی انچارج اور جل شکتی کے مرکزی وزیر گجیندر شیخاوت اور دیگر سینئر بی جے پی لیڈروں کی موجودگی میں پارٹی میں شامل کرایا۔ ان میں بلبیر سدھو، سندر شیام اروڑہ، گرپریت کنگڈ، راجکمار ویرکا شامل ہیں۔ کانگریس سے نکال دیئے گئے کیول ڈھلون بھی بی جے پی میں شامل ہو گئے۔اس سے پہلے کانگریس کے سینئر لیڈر سنیل جاکھڑ حال ہی میں کانگریس کو الوداع کہتے ہوئے بی جے پی میں شامل ہوئے تھے۔ اس کے بعد یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ کانگریس کے کچھ سینئر لیڈر بھی کانگریس چھوڑ سکتے ہیں۔ آج دوپہر مسٹر جاکھڑ کے گھر مسٹر بلبیر سدھو، پرنس ویرکا، سندر شیام اروڑہ (تینوں امریندر حکومت میں وزیر تھے) کی میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں بی جے پی لیڈر منیندر سنگھ سرسا موجود تھے۔ اس کے بعد وہ بی جے پی کے دفتر پہنچے جہاں انہیں باقاعدہ طور پر بی جے پی میں شامل کرایا گیا۔ ان کے علاوہ الیکشن سے پہلے کانگریس سے نکالے گئے کیول ڈھلون (کیپٹن امریندر سنگھ کے قریبی) اکالی لیڈر سروپ چند سنگلا اور کانگریس سے بغاوت کر کے آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑنے والے امریک سنگھ ڈھلون بی جے پی میں شامل ہوئے۔ کانگریس کے ایک سابق وزیر سمیت یہ لیڈر سابق وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ کے قریبی رہے ہیں ۔

Related Articles