پلک تیواری نے فوٹو گرافرز کو دیکھ کر چہرہ کیوں چھپایا؟
ممبئی،اپریل۔بھارتی ڈراموں کی سپر ہٹ اداکارہ شویتا تیواری کی بیٹی پلک تیواری جنہوں نے حال ہی میں شوبز کی دنیا میں قدم رکھا ہے، ان سے متعلق خبریں زیر گردش تھیں کہ وہ بالی وڈ کے نواب سیف علی خان کے بیٹے ابراہیم علی خان کے ساتھ گہرے تعلق میں ہیں۔یہ خبریں رواں ماہ کے آغاز پر جنوری میں سامنے آئیں جب ابراہیم کے ہمراہ پلک تیواری کو ممبئی کے پوش علاقے ‘باندرا میں گاڑی میں دیکھا گیا۔فوٹو گرافرز کے دیکھتے ہی پلک نے اپنا چہرہ چھپا لیا لیکن اس وقت تک فوٹو گرافرز کیمرے میں یہ مناظر محفوظ کرچکے تھے۔پلک کے اس انداز نے افواہوں کو ہوا دی اور میڈیا اور سوشل میڈیا پر خبریں آئیں کہ دونوں گہرے تعلق میں ہیں تاہم اب پلک تیواری نے چہرہ ڈھانپنے کی وجہ ایک انٹرویو میں بتائی ہے۔پلک تیواری نے کہا کہ ‘در اصل میری والدہ شویتا تیواری مجھے وائرل تصاویر سے ٹریک کرتی ہیں، وہ چہرہ میں نے اسی لیے چھپایا تھا کہ کہیں والدہ نہ دیکھ لیں کیونکہ انہیں نہیں پتا تھا کہ میں اپنے دوست کے ساتھ باہر ہوں’۔پلک نے کہا کہ ‘جب والدہ کا فون آیا تو میں نے یہ کہا کہ میں ٹریفک میں پھنسی ہوں لیکن جیسے ہی تصاویر لیک ہوئیں والدہ نے دیکھ لیا اور فون کرکے مجھے ڈانٹا’۔ابراہیم سے دوستی سے متعلق پلک کا کہنا تھا کہ ہم صرف دوست ہیں اور مزید کچھ نہیں۔