پست قامت کواڈن بیلس کا خودکشی سے لے کر ہالی ووڈ تک کا سفر

لندن،اگست۔ پست قامت ہونے کی وجہ سے اسکول کے بچوں کی چھیڑچھاڑ سے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کا ارادہ کرنے والے کواڈن بیلس نے ہالی ووڈ کا سفر طے کرلیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق کواڈن بیلس جو کہ 2020 میں ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انٹرنیٹ پر مشہور ہوئے تھے، اب ہالی ووڈ کی میڈ میکس فلم فرنچائز کی تازہ ترین قسط میں نظر آئیں گے۔غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ مشہور ہدایت کار جارج ملر نے اپنی آنے والی فلم ’فیوریوسا ‘میں 11 سالہ کواڈن کو کاسٹ کیا ہے، جو ان کی 2015 کے بعد کی ایکشن ہٹ فیوری روڈ کا پریکوئل ہے۔آسٹریلیا کی ریاست کوئنزلینڈ سے تعلق رکھنے والا کواڈن سوشل میڈیا پر اس وقت مشہور ہوا جب 2020 میں اس کی ماں نے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی جس میں انہوں نے بتایا کہ ان کے 9 سالہ بیٹے کو چھوٹا قد ہونے کی وجہ سے اسکول میں اتنا پریشان اور ہراساں کیا گیا کہ وہ خودکشی کرنا چاہتا ہے۔کواڈن بیلس کی ماں نے لوگوں سے التجا کی کے’ان کے بیٹے کو جینے دیں جبکہ انہوں نے کواڈن کو اسکول سے بھی ہٹا دیا تھا‘۔تاہم وائرل ویڈیو نے لوگوں کو اس قدر متاثر کیا کہ دیکھتے ہی دیکھتے کواڈن بیلس سوشل میڈیا اسٹار بن گیا اور اب وہ جلد اپنی پہلی فلم میں اداکاری کر کے ہالی ووڈ میں ڈیبیو دینے والا ہے۔یاد رہے کہ فلم ’فیوریوسا ‘کی شوٹنگ کا آغاز کیا جاچکا ہے جوکہ 2024 میں ریلیز کی جائے گی جبکہ اس کے بعد کوئنز لینڈ کا کواڈن بیلس ہدایتکار ملر کی اگلی فلم ’تھری تھاؤزنڈ ایئرز آف لانگنگ‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے گا۔

Related Articles