پرسدھ کرشنا رنجی کوارٹر فائنل میں کرناٹک کے لیے نہیں کھیلیں گے
بنگلورو، یکم جون۔ تیز گیند باز پرسدھ کرشنا 6 جون سے ہونے والے رنجی ٹرافی کوارٹر فائنل میں کرناٹک کی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ پرسدھ کو دورہ انگلینڈ پر کھیلے جانے والے واحد ٹیسٹ کے لیے منتخب کیا گیا ہے جو گزشتہ سال کورونا کی وجہ سے نہیں کھیلا گیا تھا۔ اس لیے جون کے دوسرے ہفتے میں پرسدھ ٹیسٹ ٹیم کے ساتھ انگلینڈ روانہ ہونے والے ہیں۔ تاہم کرناٹک کی ٹیم نے اپنے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس میں مینک اگروال کی واپسی ہوئی ہے۔ مینک اگروال کو 2018 میں ٹیسٹ میں ہندوستان کے لیے ڈیبیو کرنے کے بعد پہلی بار قومی ٹیم سے ڈراپ کیا گیا ہے۔ کرناٹک کی ٹیم میں دیودت پاڈیکل اور کرون نائر کے علاوہ منیش پانڈے بھی ہوں گے جو ٹیم کی قیادت کریں گے۔ چونکہ کے ایلراہل 9 جون سے جنوبی افریقہ کے خلاف شروع ہونے والی ٹی20 سیریز میں ہندوستانی ٹیم کی قیادت کرنے والے ہیں، اس لیے وہ بھی کرناٹک کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ کرناٹک کا تیز گیند بازی اٹیک کافی ناتجربہ کار نظر آرہاہے۔ ٹیم کے سب سے تجربہ کار تیز گیند باز رونت مورے کو30 فرسٹ کلاس میچوں کا تجربہ ہے۔ جبکہ وی کوشک، وی وجئے کمار، ایم وینکٹیش اور وی کویرپا کے پاس صرف چارچار فرسٹ کلاس میچوں کا تجربہ ہے۔ تاہم اس کے برعکس کرناٹک کی اسپن گیند بازی مضبوط دکھائی دے رہی ہے۔ لیگ اسپنر شریاس گوپال، کرشنپا گوتم اور جگدیش سچت جیسے آل راؤنڈر کھلاڑی ٹیم میں موجود ہیں۔ کرناٹک کو 6 جون سے الور میں اتر پردیش کے خلاف مقابلہ کرناہے۔ کورونا کی وجہ سے اس سال رنجی ٹرافی کا انعقاد دو مرحلوں میں کیا گیا تھا۔ لیگ مرحلے میں ہر ٹیم کو کل تین میچ ملے۔ تین میچوں میں دو جیت کے ساتھ کرناٹک کی ٹیم اپنے گروپ میں پہلے نمبر پر تھی۔ انہوں نےاپنے قریبی حریف ریلوے کو شکست دیتے ہوئے ناک آؤٹ میں اںٹری لی ہے۔