پاکستان کو ایک رن سے شکست دے کر سری لنکا فائنل میں
سلہٹ، اکتوبر۔ سری لنکا نے بسمہ معروف (42) اور ندا ڈار (26) کی کوششوں کے باوجود پاکستان کو سیمی فائنل میں جمعرات کو ایک رن سے شکست دے کر خواتین ایشیا کپ 2022 کے فائنل میں جگہ بنالی۔سنسنی خیز مقابلے میں سری لنکا نے پاکستان کو جیت کے لیے 123 رنوں کا ہدف دیا جس کے جواب میں پاکستان صرف 121 رنز بنا سکی۔پاکستان کو آخری اوور میں نو رنز درکار تھے لیکن اچینی کلاسریا نے بہترین گیندبازی کرتے ہوئے پہلی پانچ گیندوں پر صرف چھ رنز دیے۔ ندا نے آخری گیند پر دو رن دوڑ کر میچ کوسپر اوور میں دھکیلنے کی کوشش کی لیکن وہ ایک رن لے کر رن آؤٹ ہو گئیں اور سری لنکا نے ایک رن سے میچ جیت لیا۔سری لنکا نے ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے فائنل میں پہلی بار جگہ بنائی ہے جبکہ وہ ٹورنامنٹ کے ون ڈے فارمیٹ میں تین بار فائنل میں پہنچی ہے۔دوسری طرف، ہندوستان نے جمعہ کو ہونے والے فائنل میں تھائی لینڈ کو 74 رنز سے شکست دے کرفائنل میں قدم رکھا۔