ٹی ٹوئنٹی لیگ میں جیت کو عادت بنانا ہوتا ہے، مارٹن گپٹل
کراچی ،مارچ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور نیوزی لینڈ کے کرکٹر مارٹن گپٹل فاسٹ بولر شاہین آفریدی سے بہت متاثر ہیں ان کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی نے لاہور میں شاندار بولنگ کی ہے۔ انہوں نے جس طرح اسپیل کیا وہ میں نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نہیں دیکھا۔ ایک انٹرویو میں مارٹن گپٹل نے کہا کہ پی ایس ایل پوائنٹس ٹیبل پر جہاں ہماری ٹیم کو ہونا چاہیے تھا وہاں نہیں ہے، ہارنا کوئی اچھی چیز نہیں ہے، ٹی ٹوئنٹی لیگ کرکٹ میں جیت کو عادت بنانا ہوتا ہے اور ہم چاہیں گے کہ یہ عادت جلد بنے ،مارٹن گپٹل نے پی ایس ایل 8 کی پہلی سنچری اسکور کی لیکن اس کے بعد وہ کوئی لمبی اننگز نہ کھیل سکے۔ مارٹن گپٹل کہتے ہیں کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے ہر میچ میں آپ انفرادی طور پر اچھا نہیں کرسکتے،کوشش ہے کہ اب جو مرحلہ ہے اس میں پہلے کے مقابلے میں اچھا کھیلوں، ایک سوال کے جواب میں انہوں کہا کہ نیوزی لینڈ انگلینڈ کا ٹیسٹ دیکھنے کے لیے وقت اچھا نہیں تھا، سو رہا تھا لیکن جھلکیاں دیکھیں۔ یہ ناقابل یقین ٹیسٹ میچ تھا ، انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے ملک کے لیے ساڑھے چھ سال ٹیسٹ کرکٹ کھیلی ہے مجھے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا اچھا لگتا ہے اب بھی کبھی موقع ملا تو میں اس موقع کو دونوں ہاتھوں سے حاصل کرنے کی کوشش کروں گا لیکن میں اندازہ نہیں لگا سکتا کہ مجھے یہ موقع کب ملے گا۔