ٹوائلٹ بند ہونے کی وجہ سے طیارہ مجبوراً لینڈ کرنے پر مجبور

لندن،نومبر۔ویسے تو ایک مسافر طیارے کو اچانک لینڈ کرانے کی متعدد وجوہات ہوسکتی ہیں مگر برطانیہ کی ایک فضائی کمپنی کی پرواز کو جس وجہ سے اچانک لینڈ کرنا پڑا وہ دنگ کردینے والی ہے۔فضائی کمپنی جیٹ ٹو کی اسپین کے جزیرے Canaria Gran سے برطانوی شہر مانچسٹر جانے والی پرواز کو ٹوائلٹ ٹینک بھرنے کی وجہ سے مجبوراً لینڈ کرنا پڑا۔برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ٹوائلٹ بند ہونے کی وجہ سے اس پرواز کو شمالی اسپین کے Bilbao ائیرپورٹ پر مجبوراً اتارنا پڑا۔اس کے نتیجے میں پرواز کو 2 گھنٹے کی تاخیر ہوگئی جبکہ ایندھن کی مد میں بھی ہزاروں ڈالرز کا خرچہ کرنا پڑا۔فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق یہ طیارہ اسپین کے مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 4 بجے روانہ ہوا اور پرواز کے 3 گھنٹے بعد Bilbao پر اترا جہاں سے وہ 2 گھنٹے بعد مانچسٹر روانہ ہوا۔کمپنی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ٹوائلٹ ٹینک کو خالی کرنے کے لیے طیارے کا رخ Bilbao کی جانب موڑا گیا تھا۔ترجمان کے مطابق صفائی کے اس عمل کے دوران مسافر اپنی نشستوں پر موجود رہے اور اس حوالے سے ہم ان سے معذرت کرتے ہیں۔اگر آپ کا خیال ہے کہ طیاروں کے ٹوائلٹ ٹینک پرواز کے دوران خالی کیے جاتے ہیں تو یہ غلط ہے، البتہ ہر پرواز سے قبل انہیں خالی کیا جاتا ہے۔ابھی یہ واضح نہیں کہ اس پرواز کے ٹینک کو پرواز سے قبل خالی کیا گیا تھا یا نہیں۔

Related Articles