ٹم ساؤتھی کو نیوزی لینڈ کرکٹ ایوارڈ میں’ سر رچرڈ ہیڈلی ‘میڈل
ویلنگٹن، اپریل ۔ نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز ٹم ساؤتھی کو جمعرات کو نیوزی لینڈ کرکٹ ایوارڈز میں 2021-22 کے سیزن میں مسلسل کارکردگی کے لیے سر رچرڈ ہیڈلی میڈل سے نوازا گیا۔14 سال پر محیط کیریئر میں یہ ساؤتھی کا پہلا سر رچرڈ ہیڈلی میڈل ہے۔ انہیں 2021-22 کے سیزن میں کرکٹ کے تین فارمیٹس (ون ڈے، ٹیسٹ، ٹی ٹوئنٹی) میں ان کی شاندار کارکردگی پر تمغہ سے نوازا گیا ہے۔ اس سیزن کے دوران انہوں نے 23.88 کی اوسط سے 36 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کیں، جس میں لارڈز میں انگلینڈ کے خلاف 6/43 کا بہترین مظاہرہ اور ساؤتھمپٹن میں 2019-2021 آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں ہندوستان کے خلاف شاندار فتح میں پانچ اہم وکٹیں شامل ہیں۔قابل ذکر ہے کہ ساؤتھی ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کے تیسرے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔ وہ ڈینیل ویٹوری سے 23 اور ریکارڈ ہولڈر سر رچرڈ ہیڈلی سے 93 وکٹیں پیچھے ہیں۔ دائیں ہاتھ کے سوئنگ باؤلر نے 2021 کے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے تیز گیند بازی اٹیک کی قیادت کی تھی اور ہندوستان میںٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹیم کی قیادت کی تھی۔ انہوں نے اس ٹی ٹوئنٹی سیزن میں 19.75 کی اوسط سے 12 وکٹیں حاصل کیں، جس میں ہندوستان کے خلاف 3-16 کی بہترین وکٹ بھی شامل ہے۔ساؤتھی نے ایک بیان میں کہاکہ ایسا باوقار ایوارڈ جیتنا بڑے اعزاز کی بات ہے۔ بڑھتی عمر میں بیشتر کرکٹروں کی طرح میں بھی سر رچرڈ کے کارناموں کے بارے میں جانتا تھا اور اس سال ان کے نام سے ایک ایوارڈ جیتنا یقیناً ایک بڑے اعزاز کی بات ہے۔ تعریف اچھی ہے، لیکن مجھے لگتا ہے کہ یہ اس کام کا نتیجہ ہے جو ہم ایک گروپ کے طور پر کرتے ہیں۔ یہ اس کا ثمر ہے جس طرح ہم نے طویل عرصے سے اپنی کرکٹ کھیلی ہے۔ اس دور کا حصہ بننا اور اپنے ملک کے لیے میچ جیتنا بہت اچھا تھا جو بہت خاص ہے۔نیوزی لینڈ کے کرکٹ لیجنڈ ہیڈلی نے خود ساؤتھی کو ایوارڈ جیتنے کے بعد مبارکباد دیتے ہوئے انہیں ایوارڈ کا حقدار قرار دیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ہیڈلی اس سلیکشن پینل کا بھی حصہ تھے جس نے 14 سال قبل ساؤتھی جیسے کھلاڑی کو تلاش کیا تھا۔ ان کا خیال ہے کہ ساؤتھی جلد ہی 400 ٹیسٹ وکٹوں کا ریکارڈ توڑ کر 431 وکٹوں کے اپنے ریکارڈ کو چیلنج کریں گے۔ہیڈلی نے ایک بیان میں کہاکہ آپ بہت ہی مستحق فاتح ہیں۔ آئیے 14 سال پیچھے چلتے ہیں، جب میں سلیکشن پینل کا حصہ تھا جس نے سب سے پہلے آپ کو منتخب کیا تھا۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ آپ ہمیشہ کی طرح اپنے کھیل اور باؤلنگ پر مکمل کنٹرول میں ہیں۔ آپ کے پاس ایک سادہ تکنیک ہے جسے دہرانا آسان ہے اور آپ کی مہارت ایک اور سطح پر چلی گئی ہے۔ نیوزی لینڈ کے عظیم کرکٹر ہیڈلی نے کہا، ’’اس میں کوئی شک نہیں کہ آپ 400 ٹیسٹ وکٹوں کے قریب پہنچ رہے ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ 431 کا جادوئی نمبر آپ کے ذہن میں ہو، اس لیے میں اسے دلچسپی سے دیکھ رہا ہوں اور اگر آپ اس مقام تک پہنچنا چاہتے ہیں تو میں یہاں بیٹھ کر یہ کہنے کو تیار ہوں کہ یہ آپ کے لیے کر دکھانے کا وقت ہے۔ اگر آپ ایسا کرتے ہیں تو میں بہت مطمئن اور خوش ہوں گا۔ہیڈلی نے کہاکہ میں واقعی میں آپ کو مبارکباد دیتا ہوں کہ آپ نے جو کچھ حاصل کیا ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ آپ کے پاس نیوزی لینڈ کرکٹ اور عمومی طور پر کھیل کو دینے کے لیے کچھ اور سال ہیں۔