وکٹیں اڑانے والے سرفراز نواز واکر کے سہارے چلنے پر مجبور
کراچی ،اکتوبر۔ ہڈیوں کے مرض میں مبتلا ماضی کے عظیم فاسٹ بولر سرفراز نوازسہارا لے کر چلنے پر مجبور ہوگئے۔ سرفراز کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں واکر کے سہارے چل رہے ہیں۔ ایک سال میں وہ اسٹک کے بجائے اب واکر کی مدد سے چل رہے ہیں۔ بڑے بڑے بیٹسمینوں کی وکٹیں اڑانے والے 72 سالہ سرفراز کئی برس سے لندن میں اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ رہتے ہیں۔ سابق فاسٹ بولر نے 55 ٹیسٹ میچوں میں32.75 کی اوسط سے 177 وکٹیں حاصل کیں، ٹیسٹ میں اْن کی بہترین بولنگ 125 رنز کے عوض 11وکٹیں رہی۔ وہ کرکٹ اور سیاست پر یو ٹیوب چینل چلاتے ہیں۔ پی سی بی نے کورٹ کیس کے بعد سرفراز کی پینشن بند کر رکھی ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ سرفراز نے 2017 میں پی سی بی کے خلاف کیس کیا تھا، جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی تھا، انہوں نے کیس واپس لینے سے انکار کردیا تھا، اس پر پینشن بند کردی گئی ہے۔ پی سی بی کے خلاف وہ اپنے جارحانہ بیانات کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں۔