وزیر اعظم نے ترکی میں زلزلہ متاثرین کےلئے امداد کا اعلان کیا

بنگلور، فروری ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز ترکی میں آنے والے زلزلہ کے متاثرین کی ہر ممکن مدد کا اعلان کیا یہاں انڈیا انرجی ویک کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا، ‘اس وقت ہم سب کی نظریں ترکی میں آنے والے تباہ کن زلزلے پر ٹکی ہوئی ہیں، جس کی وجہ سے بہت سے لوگوں کی المناک موت ہوئی ہے اور بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ ملک کے 140 کروڑ عوام کی ہمدردیاں ترکی میں زلزلہ کے متاثرین کے ساتھ ہیں۔ ہم زلزلہ کے متاثرین کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہیں۔واضح رہے کہ 7.4 شدت کے طاقتور زلزلے سے آج علی الصبح جنوبی ترکی اور شمالی شام میں لرزہ طاری ہوگیا، جس سے عمارتیں منہدم ہو گئیں، سینکڑوں افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو گئے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ لبنان، اسرائیل اور عراق سمیت پورے خطے میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔بڑے پیمانے پر راحت اور بچاؤ کی کارروائیاں جاری ہیں، ترکی اور شام دونوں نے اعلیٰ ترین سطح کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ شام زلزلے کے اثرات کو ختم کرنے کے لیے مسلح افواج کو تعینات کرنے پر غور کر رہا ہے۔ امریکہ اور اسرائیل سمیت کئی دوسرے ممالک نے بھی مدد کی پیشکش کی ہے۔وہائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے ٹویٹ کیا، امریکہ کو ترکی اور شام میں آنے والے تباہ کن زلزلوں پر گہری تشویش ہے۔ میں ترک حکام کے ساتھ رابطے میں ہوں۔ ہم ہر طرح کی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ہم ترکی کے ساتھ مل کر صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

Related Articles