وزن اور عمر پوچھنے پر ودیا بالن کا مداحوں کو دلچسپ جواب
ممبئی،مارچ۔ بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ودیا بالن نے سوشل میڈیا پر اپنے پرستاروں کی جانب سے عمر، وزن اور خوبصورتی کے حوالے سے پوچھے گئے سوالات پر دلچسپ جواب دیے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ودیا بالن نے سماجی رابطے کی فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کی اسٹوری پر سوال جواب کا سیشن آن کیا اور لکھا کہ ’پوچھو یا مجھے کچھ بتاؤ‘ جس پر مداحوں نے سوالات کے انبار لگا دیے لیکن جب اداکارہ سے ان کی عمر، وزن اور خوبصورتی کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے منفرد اور حیران کن ردعمل دیا۔ودیا سے سوال ہوا کہ آپ کی عمر کتنی ہے تو انہوں نے مذاق کرتے ہوئے گوگل سرچ انجن کی تصویر جواب میں ایڈ کردی۔ اسی طرح وزن کا پوچھے جانے پر اداکارہ نے میم شیئر کی جس میں ایک کارٹون لیٹ کر اپنے پیروں کے اوپر ویٹ مشین رکھ کر اپنے وزن کی پیمائش کررہا ہے۔ جبکہ ایک مداح نے لکھا کہ آپ اتنی خوبصورت کیوں ہیں؟۔اداکارہ نے مزاح میں جواب دیا کہ میری خوبصورت کی وجہ یہ ہے کہ میری والدین نے محنت کی ہے۔خیال رہے کہ ودیا بالن کی نئی فلم جلسہ رواں سال 18 مارچ کو سینما گھروں کی زینت بننے جارہی ہے جس کا ٹریلر گزشتہ ہفتے ریلیز کیا گیا۔ اس ضمن میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ میری آنے والی نئی فلم کا کریکٹر میرے لیے چیلنجنگ رہا۔