ورلڈ کپ میں تمغہ جیتنے کے لیے جو بھی کرنا پڑے کریں گے: گرجیت

ایمسٹرڈیم،جولائی۔ ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کی ٹاپ ڈیفنڈر گرجیت کور نے کہا ہے کہ ہندوستان ایف آئی ایچ خواتین ورلڈ کپ میں تمغہ جیتنے کے ہدف کے ساتھ اتررہاہے۔ گرجیت نے ایف آئی ایچ ‘ہاکی تے چرچا’ پروگرام میں خواتین کے ہاکی ورلڈ کپ 2022 کے خصوصی ایپی سوڈ کے دوران ٹیم کی تیاریوں پر کھل کر بات کی۔ جب ان سے ایمسٹرڈیم میں ہندوستانی کیمپ کے ماحول کے بارے میں بات کی گئی تو انہوں نے کہا، ہاں، ہم یہاں آ کر بہت پرجوش ہیں۔ یہ میرا دوسرا ورلڈ کپ ہے، اس لیے میں اس بار ہر لمحے سے لطف اندوز ہونے کی منتظر ہوں اور مختصر یہ کہ، ہم سب یہاں آ کر خوش ہیں۔ گرجیت نے ورلڈ کپ کے میزبان نیدرلینڈ کے ماحول کے بارے میں کہا، ہاکی نیدرلینڈ کا ایک بڑا کھیل ہے۔ اس ملک میں بہت سے لوگ ہاکی کھیلتے ہیں۔ ہم ایک دن میدان میں گئے اور بہت سے نوجوان کھلاڑیوں کو ہاکی کھیلتے دیکھا، شاید یہی وجہ ہے کی نیدرلینڈ سے اتنے سارے عالمی معیار کے کھلاڑی نکلتے ہیں۔گرجیت نے 2020 ٹوکیو گیمز کے بعد ہندوستانی ٹیم کی طرف سے کی گئی بہتری پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا، ’’ٹوکیو گیمز کے بعد ہم نے بہت ترقی کی ہے۔ ہاں، ہم نے ٹوکیو میں کوئی تمغہ نہیں جیتا، لیکن ہم نے وہاں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس کارکردگی نے یقیناً ہمارے حوصلے بلند کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ورلڈ کپ سے پہلے بہت سے بین الاقوامی کھیل کھیلے ہیں۔ ہم نے بہت سے ٹورنامنٹ کھیلے اور پہلی بار ایف آئی ایچ ہاکی ویمنز پرو لیگ میں حصہ لیا۔ ان تمام میچوں نے ہماری کارکردگی اور اعتماد کو بہتر بنانے میں مدد کی ہے۔ گرجیت نے کہا، ہر کوئی ٹریننگ میں بہت زیادہ محنت کر رہا ہے۔ ہم سب اس ورلڈ کپ میں تمغے جیتنا چاہتے ہیں۔ ہم واقعی اس ایونٹ کے لیے بہت پرجوش ہیں اور تمغہ جیتنے کے لیے جو کچھ بھی کرنا ہو گا وہ کریں گے۔ ہندوستانی ٹیم کو ورلڈ کپ میں پول بی میں رکھا گیا ہے جہاں اس کا مقابلہ انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور چین سے ہوگا۔ ہندوستان کا پہلا میچ 3 جولائی کو انگلینڈ کے خلاف ہے۔

Related Articles