والدہ کہتی تھیں بالی ووڈ آسان جگہ نہیں
سخت محنت سے کامیابی ملے گی: جہانوی کپور
ممبئی،اگست۔بالی ووڈ کی نوجوان اداکارہ جہانوی کپور نے اپنی آنجہانی والدہ سری دیوی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ والدہ کہتی تھیں کہ فلم انڈسٹری میں داخل ہونے پر لوگ تمہارا تقابل مجھ سے کریں گے اس لیے سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ اپنے ایک نئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اسی لیے وہ چاہتی ہیں کہ ان کا کیریئر کامیابی کی جانب گامزن ہو تاکہ وہ سری دیوی کے لیے قابلِ فخر بن سکیں۔یاد رہے کہ بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ سری دیوی 24 فروری 2018 کو دبئی میں چل بسی تھیں۔ سن 1983 میں فلم ہمت والا سے بطور اسٹار اداکارہ اپنے بالی ووڈ کیریئر کا آغاز کرنے والی سری دیوی نے 1996 میں بونی کپور سے شادی کی جن سے ان کی دو بیٹیاں جہانوی اور خوشی پیدا ہوئیں۔ جہانوی نے والدہ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ والدہ کہتی تھیں کہ بالی ووڈ کوئی آسان جگہ نہیں اور تم بہت سادہ اور نرم دل ہو۔ لوگ تمہاری پہلی فلم کا میری 300 فلموں سے تقابل کریں گے، تم اسکا کس طرح سامنا کروگی؟جہانوی کا کہنا تھا کہ مجھے کچھ اور تو پتہ نہیں لیکن میں چاہتی ہوں کہ کیریئر کامیاب ہو، نام تو روشن کرنا پڑیگا تاکہ انہیں فخر ہو۔