نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کے ون ڈے اسکواڈ کا اعلان

کراچی،جنوری۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی عبوری سلیکشن کمیٹی نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے جمعرات کو کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچز پر مشتمل سیریز کے لیے مشاورت کے بعد ٹیم کا اعلان کیا ہے۔نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے ٹیم کی قیادت بابر اعظم ہی کریں گے جب کہ ٹیم کا حصہ بننے والے کھلاڑیوں میں فخر زمان، امام الحق، شان مسعود، حارث سہیل، کامران غلام، محمد رضوان، سلمان علی آغا، محمد نواز، حارث رؤف، محمد حسنین، محمد وسیم جونیئر، شاہنواز دھانی، طیب طاہر اور میر حمزہ شامل ہیں۔چیف سلیکٹر کے مطابق میر حمزہ اور طیب طاہر کو ڈومیسٹک کرکٹ میں ان کی بہترین کارکردگی کی بنیاد پر اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ان کے بقول ڈومیسٹک کرکٹ میں مزید کئی کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی پیش کی ہے اور ایسے تمام نوجوان کرکٹرز سلیکشن کمیٹی کی نظر میں ہیں۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز 9 جنوری سے ہو گا اور سیریز کے تمام میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

Related Articles