نیوزی لینڈ کرکٹ نے کورونا کے باعث ڈومیسٹک شیڈول میں تبدیلی کی
کرائسٹ چرچ، جنوری ۔نیوزی لینڈ کرکٹ نے کورونا وائرس کی نئی شکل اومیکرون کے پھیلنے کے پیش نظر خطرے کو کم کرنے کے لئے جمعرات کے روز اپنے گھریلو بین الاقوامی شیڈول پر نظر ثانی کا اعلان کیا۔نیوزی لینڈ کرکٹ نے ایک بیان میں کہا، شیڈول میں فوری تبدیلی کے تحت جنوبی افریقہ کی مردوں کی کرکٹ ٹیم فروری مارچ میں اپنے سفر کی مکمل مدت کے دوران کرائسٹ چرچ میں رہے گی اور شیڈول کے مطابق دونوں ٹیسٹ میچ کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول گراؤنڈ میں کھیلے گی جب کہ اصل شیڈول کے مطابق دوسرے میچ کے لیے ٹیم کو ویلنگٹن میں کیمپ لگانا تھا۔اس کے علاوہ نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم کے شیڈول میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔ فروری میں، ہندوستانی خواتین کی ٹیم کے خلاف ایک ٹی ٹوئنٹی اور پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز مکمل طور پر کوئنس ٹاؤن کے جان ڈیوس اوول میں کھیلی جائے گی۔ جبکہ خواتین ٹیم کے آسٹریلیا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز ( آئیسولیشن اور کوارنٹین کے تحت) کو نیپئر جبکہ نیدرلینڈز کی مردوں کی ٹیم کا دورہ ماؤنٹ مونگانوئی (ایک ٹی ٹوئنٹی اور ایک ون ڈے) اور ہیملٹن (دو ون ڈے) کے درمیان تقسیم کیا جائے گا۔نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے کہا: یہ قدم کورنا سے بچنے کے لئے اٹھایا گیا ہے اور اس میں ہوائی سفرکو محدود کرنا، رہائش کی منتقلی کو محدود کرنا اور بنیادی طور پر محفوظ ماحول میں کام کرنا شامل ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ ہمارے پاس جتنی زیادہ گھریلو پروازیں ہوں گی اور ہوٹلوں کے درمیان جتنی زیادہ نقل و حرکت ہوگی، میچ یا یہاں تک کہ سیریز کے جوکھم میں پڑنے کا امکان بھی اتنا ہی زیادہ ہوتا ہے۔