نیرج نے ارشد ندیم کو کامن ویلتھ گولڈ جیتنے پر مبارکباد دی
نئی دہلی، اگست ۔ٹوکیو 2020 کے اولمپک طلائی تمغہ جیتنے والے نیرج چوپڑا نے پاکستان کے جیولن پھینکنے والے ارشد ندیم کو کامن ویلتھ گیمز 2022 میں طلائی تمغہ جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔ندیم نے برمنگھم 2022 کے فائنل میں 90 میٹر کا ہندسہ عبور کیا، دو بار کے عالمی چیمپیئن گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرز کو ہرا کر پاکستان کو جیولن تھرو میں پہلا کامن ویلتھ طلائی تمغہ دلایا۔اس نے پیر کو انسٹاگرام پر اپنی پرفارمنس کی ایک ویڈیو شیئر کی اور چوپڑا نے فوری جواب دیا اور انہیں مبارکباد دی۔ندیم کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے چوپڑا نے کہاکہ گولڈ میڈل اور ایک نئے گیم ریکارڈ کے ساتھ 90 میٹر کا فاصلہ عبور کرنے پر ارشد بھائی کو مبارکباد۔ مستقبل میں ہونے والے مقابلوں کے لیے نیک خواہشات۔ واضح رہے کہ چوپڑا کو گزشتہ ماہ منعقدہ عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں چوٹ کی وجہ سے دولت مشترکہ کھیلوں سے دستبردار ہونا پڑا تھا۔ چوپڑا نے عالمی چیمپئن شپ میں ہندوستان کے لیے چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔