نوازالدین صدیقی کی سابقہ اہلیہ گھریلو جھگڑا منظرِ عام پر کیوں لائیں؟

ممبئی,اپریل۔بالی ووڈ کے معروف اداکار نوازالدین صدیقی کی سابقہ اہلیہ عالیہ نے گھریلو جھگڑے کو منظرِ عام پر لانے کی وجہ بتا دی۔عالیہ نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں سابقہ شوہر اداکار نوازالدین صدیقی سے اپنے تنازعات کو منظرِ عام پر لانے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے گھریلو مسائل کے بارے میں سب کے سامنے بات کرنا پڑی کیونکہ میں بہت تکلیف میں تھی، مجھے ایسا لگا کہ اگر میں ایسا نہیں کروں گی تو میرا دم گھٹ جائے گا۔اْنہوں نے کہا کہ عدالت نے جو فیصلہ لیا ہے اس سے اب مجھے یہ محسوس ہو رہا ہے کہ میں پر سکون ہوں، یہ صرف میں ہی جانتی ہوں کہ میں ذہنی طور پر کس اذیت سے گزری ہوں، اگر کوئی شخص اپنے نجی معاملات کے بارے میں منظرِ عام پر بات کرتا ہے تو اس بات کا اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ وہ تکلیف میں ہے۔عالیہ نے کہا کہ میں اب بھی سوچتی ہوں کہ مجھے اپنے گھریلو مسائل کے بارے میں سرِ عام بات نہیں کرنی چاہیے تھی۔اْنہوں نے کہا کہ لیکن جب آپ بہت زیادہ تکلیف میں ہوتے ہیں تو آپ کو اپنے مسائل منظرِ عام پر لانے پڑتے ہیں کیونکہ آپ کے آس پاس آپ کی بات سننے والا کوئی نہیں ہوتا اور جب آپ کی بات سننے والا کوئی نہیں ہوتا تو آپ کو خود لڑنا پڑتا ہے۔نوازالدین صیقی کی سابقہ اہلیہ نے مزید کہا کہ میں یہ سب کچھ میڈیا کے سامنے لے کر آئی کیونکہ میں چاہتی تھی کہ میڈیا اس بات کو سمجھ سکے کہ میں کیا کر رہی ہوں، میں پچھلے 12 سال سے تکلیف سے گزر رہی تھی اور اس کے بارے میں کسی کو بتانے کے قابل نہیں تھی۔عالیہ نے بتایا کہ میرا کیریئر متاثر ہو رہا تھا، مجھے کام کرنے کی اجازت نہیں تھی، میرے سسرال والوں نے میرے کیریئر کو آگے نہیں بڑھنے دیا۔یاد رہے کہ کچھ دنوں پہلے عالیہ نے اپنی پروڈکشن کے لیے کام کرنے پر نوازالدین صدیقی کا شکریہ ادا کیا تھا۔اداکار نواز الدین صدیقی اور عالیہ کے دو بچے ہیں جس کے بارے میں اپریل میں مقامی عدالت نے حکم دیا تھا کہ بچوں کو تعلیم مکمل کرنے کے لیے دبئی واپس بھیج دیا جائے۔

Related Articles