نقوی نے اجمیر شریف میں مودی کی طرف سے چادر پیش کی

اجمیر، فروری۔ اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے اتوار کو اجمیر شریف میں خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ پر 810 ویں سالانہ عرس کے موقع پر وزیراعظم نریندرمودی کی طرف سے ’چادر‘ چڑھائی اور بڑی تعداد میں موجود سماج کے تمام طبقات کے لوگوں کو انکا پیغام پڑھ کر سنایا۔مسٹر نقوی نے کہاکہ وزیراعظم مودی کے صوفیوں کی سوچ، سنتوں کے سنسکار اور سماج کو بااختیار بنانے کا عزم ہی ہندستان کو عالمی گرو بنانے کا مضبوط منتر ہے۔وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہاکہ خواجہ معین الدین چشتی کے 810 ویں عرس پر پوری دنیا میں ان کے پیروکاروں کو مبارکباد اور نیک خواہشات۔دنیا کو انسانیت کا پیغام دینے والے عظیم صوفی سنت کے عرس کے موقع پر اجمیر شریف میں چادر بھیجتے ہوئے میں انہیں خراج عقید ت پیش کرتا ہوں۔مسٹر مودی نے اپنے پیغام میں کہاکہ تنوع میں اتحاد ہندستان کی شناخت ہے۔ملک میں مختلف فرقوں اور عقائد کاکا ہم آہنگ بقائے باہمی ہماری خاصیت ہے۔ مختلف ادوار میں ملک کے سماجی۔ثقافتی تانے بانے کو مضبوطی فراہم کرنے والے سنتوں،مہاتماوں، پیروں اور فقیروں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس پروقار روایت میں خواجہ معین الدین چشتی کا نام مکمل احترام اور ادب کے ساتھ لیا جاتاہے جنہوں نے سماج کو محبت اور ہم آہنگی کا پیغام دیا۔انہوں نے کہا کہ غریب نواز کے آدرشوں اور خیالات سے نسلوں کو مسلسل ترغیب ملتی رہے گی۔ ہم آہنگی اور بھائی چارے کی مثال یہ تہوار عقیدت مندوں کی آستھا اور اعتماد کو مزید مضبوط بنائے گا۔ اسی یقین کے ساتھ خواجہ معین الدین چشتی کے سالانہ عرس کے موقع پر درگاہ اجمیر شریف سے ملک کی ترقی اور خوشحالی کی خواہش کرتا ہوں۔وزیراعظم کی جانب سے بھیجی گئی ’چادر‘ کا وہاں موجود لوگوں نے مکمل احترام کے ساتھ استقبال کیا اور خواجہ غریب نواز کے دربار میں پیش کی۔اس موقع پر مسٹر نقوی نے کہاکہ آج دنیا وزیراعظم نریندرمودی کی طرف امیداور یقین کے ساتھ عالمی ان کے ہیرو کے طورپر دیکھ رہی ہے، وہ انہی صوفی سنتوں کے آشیرواد اور سماج کی حمایت کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہاکہ خواجہ غریب نواز کی زندگی ہمیں سماجی ہم آہنگی اور اتحاد کی طاقت کو مزید مضبوط کرنے کی ترغیب دیتی ہے جس سے کہ ہم ٹکراو۔انتشار پیدا کرنے والی طاقتوں کو شکست دے سکیں۔ خواجہ معین الدین چشتی کی تعلیمات ’عالمی امن کا موثر عزم‘ ہے اور ہندستانی روایات۔عزم۔ثقافت کا ایک معنی خیز پیغام ہے۔خیال رہے کہ مسٹر نقوی آٹھویں بار وزیراعظم کی طرف سے درگاہ پر چادر لیکر آئے ہیں۔

Related Articles