عدالت عظمیٰ میں سدھا بھاردواج کی ضمانت کے خلاف این آئی اے کی اپیل خارج

نئی دہلی، دسمبر۔ سپریم کورٹ نے بھیما کوریگاؤں تشدد کیس میں سماجی کارکن اور وکیل سدھا بھاردواج کو بمبئی ہائی کورٹ کی طرف سے دی گئی ضمانت کو چیلنج کرنے والی قومی جانچ ایجنسی (این آئی اے) کی اپیل منگل کے روز مسترد کر دی۔جسٹس یو یو للت، جسٹس روندر بھٹ اور جسٹس بیلا ترویدی نے اپیل کو خارج کر دیا۔ بنچ نے بمبئی ہائی کورٹ کے فیصلے کو قانونی قرار دیتے ہوئے مداخلت کرنے سے انکار کردیا۔خیال رہے بمبئی ہائی کورٹ نے یکم دسمبر کو سدھا بھاردواج کی ضمانت کی درخواست قبول کر لی تھی، جو 28 اکتوبر 2018 سے جیل میں ہیں۔ ان کی ضمانت کی شرائط طے کرنے کے لیے 8 دسمبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔چیف جسٹس این وی رمن کی سربراہی والی بنچ کے سامنے’خصوصی تذکرہ‘ کے تحت اپیل پر جلد سماعت کے لیے این آئی اے کی طرف سے عرضی داخل کی گئی تھی۔این آئی اے نے سدھا بھاردواج کو ضمانت دینے کے ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کی تھی۔چھتیس گڑھ میں قبائلیوں کی بہبود کے لیے کام کرنے والی محترمہ بھاردواج پر ماؤنوازوں کی مدد کرنے کا الزام ہے۔ بھیما کوریگاؤں تشدد کیس میں سدھا کے علاوہ ورور راؤ، سوما سین، مہیش راؤت، سدھیر دھاؤلے، ورنن گونزالویز، سریندر وغیرہ بھی ملزمان میں شامل ہیں، لیکن ان کی ضمانت منظور نہیں ہوئی ہے۔

 

Related Articles