نتیش سرمائی اجلاس میں ذات پر مبنی مردم شماری کا اعلان کریں: تیجسوی

پٹنہ، دسمبر۔بہار قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی پرساد یادو نے آج ایک بار پھر ذات پر مبنی مردم شماری کرانے کا معاملہ اٹھایا اور مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو موجودہ سرمائی اجلاس میں ذات کی بنیاد پر مردم شماری کا اعلان کرنا چاہئے۔بدھ کو ودھان سبھا کے احاطے میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مسٹر یادو نے کہا کہ مقننہ کے دونوں ایوانوں سے ذات پر مبنی مردم شماری سے متعلق قرارداد ماضی میں پاس کی گئی تھی۔ ہم نے پچھلے مانسون اجلاس میں قرار داد پیش کی تھی۔ تمام جماعتوں کے ارکان نے اس سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات بھی کی تھی، لیکن کل مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے پارلیمنٹ میں کہا ہے کہ ذات پر مبنی مردم شماری نہیں کرائیں گے۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ انہوں نے وزیر اعلیٰ مسٹر کمار کو قرارداد پیش کی تھی کہ اگر مرکزی حکومت ذات پر مبنی مردم شماری کرنے سے انکار کر رہی ہے تو ریاستی حکومت کو اسے اپنے خرچ پر کرانا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ موجودہ سرمائی اجلاس میں ریاستی حکومت اپنے خرچ پر ذات پر مبنی مردم شماری کرانے کا اعلان کرے۔ انہوں نے سوالیہ لہجے میں پوچھا کہ کب تک اسکیموں پر آنکھیں بند کرکے خرچ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ریاست میں کس ذات سے تعلق رکھنے والے کتنے لوگ ہیں اس کی بنیاد پر منصوبہ بندی کی جائے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ وزیر اعلیٰ مسٹر کمار پہل کریں۔مسٹر یادو نے وزیراعلی مسٹر کمار کے ان بیانات پر بھی طنز کیا کہ وہ سوشل میڈیا کا استعمال نہیں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی سرکاری رہائش گاہ اور وزیر اعلیٰ کمار کے گھر کے درمیان صرف چند میٹر کا فاصلہ ہے۔ میں جب بھی کوئی خط بھیجتا ہوں تو سب سے پہلے مسٹر کمار کے دفتر سے رسید حاصل کرنا ہوتی ہے۔ تب ہی اسے ٹوئٹر یا فیس بک پر پوسٹ کیا جاتا ہے، لیکن اس کے باوجود مسٹر کمار کہتے ہیں کہ ان کے پاس کوئی اطلاعات نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کمار کو یہ سب سیکھنا پڑے گا کیونکہ اس کے بغیر کام نہیں چلے گا۔ ہم بھی سیکھ رہے ہیں۔

Related Articles