ناروے : نیٹو کی مشقوں میں شریک امریکی جنگی طیارہ گر کر تباہ

اُسلو،مارچ۔ناروے کے شمال میں ایک امریکی جنگی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ طیارے میں چار افراد سوار تھے۔ یہ بات آج ہفتے کے روز ناروے میں ریسکیو جوائنٹ کوآرڈینیشن سینٹرز کی جانب سے بتائی گئی۔مذکورہ ادارے نے مزید بتایا کہ MV-22B Osprey ماڈل کا امریکی طیارہ نیٹو اتحاد کی تربیتی مشق میں شریک تھا جب مقامی وقت کے مطابق شام 6:30 سے قبل اس کے غائب ہونے کی اطلاع موصول ہوئی۔ واضح رہے کہ علاقے میں موسم کی صورت حال خراب تھی۔ادھر ادارے کے ترجمان کے مطابق طیارے میں سوار افراد کے انجام کے بارے میں کوئی معلومات موجود نہیں ہیں۔ ناروے کے ایک ریسکیو ہیلی کاپٹر اور ایک فوجی طیارے نے علاقے کا گشت کیا اور اس دوران حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کا پتہ چلا لیا۔ تاہم موسم کی خراب صورت حال کے سبب متعین مقام پر اترا نہیں جا سکا۔ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں اب زمینی طور پر اس مقام کی جانب جا رہی تھیں۔امریکی فوج نے ناروے کے شمال میں اپنے ایک جنگی طیارے کے گر کر تباہ ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔یاد رہے کہ نیٹو اتحاد کی بڑی فوجی مشقوں کا آغاز ناروے میں پیر کے روز ہوا تھا۔ اس میں نیٹو کے تیس ہزار فوجی اور رکن ممالک شریک ہیں۔ مشقوں کوCold Response 2022 کا نام دیا گیا ہے۔ مشقوں میں 27 ممالک کے 200 فوجی طیارے اور پچاس بحری جنگی جہاز شریک ہیں۔ یہ مشقیں یکم اپریل تک جاری رہیں گی۔

 

Related Articles