میونسیپل الیکشن ٹالنا جمہوریت کے لئے ٹھیک نہیں:کیجریوال
نئی دہلی،مارچ ۔ عام آدمی پارتی کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے میونسیپل الیکشن ٹالنے کے دہلی الیکشن کے فیصلے پر سوال کھڑے کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کا کمیشن کو خط لکھ کر ٹالنے کو کہنا اور کمیشن کا مرکز کے سامنے جھک کر الیکشن ٹالنا ،دونوں ہی جمہوریت کےلئے ٹھیک نہیں ہے۔مسٹر کیجریوال نے جمعرات کو پریس کانفرنس میں کہا کہ دہلی میونسیپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کے ابھی الیکشن ہونے والے تھے۔نومارچ کو دہلی الیکشن کمیشن نے صبح صبح پریس کو دعوت بھیجی کہ آج شام پانچ بجے الیکشن کمیشن ایم سی ڈی کے انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرے گا۔ کس تاریخ کو نامزدگی ہوگی ،جس تاریخ تک نام واپس لئے جا سکتے ہیں اور الیکشن کس تاریخ کو ہوں گے وغیرہ۔شام پانچ بجے الیکشن کی تاریخوں کا اعلان ہونے والا تھا اور اس کے ایک گھنٹے پہلے شام چار بجے مرکزی حکومت نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا کہ ہم دہلی کے تینوں میونسیپل کارپوریشنوں کو ایک بنانے جارہے ہیں اس لئے آپ یہ الیکشن ٹال دیجئے ۔اس کے بعد شام پانچ بجے دہلی الیکشن کمیشن نے مرکزی حکومت کے کہنے کے مطابق ا لیکشن کو ٹال دیا۔شاید آزادی کے بعد ہندوستان کے 75 سال کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہوگا کہ مرکزی حکومت نے براہ راست کسی ریاست کے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر الیکشن ٹالنے کےلئے کہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے ذہنوں میں دو تین باتیں چل رہی ہیں۔ سات آٹھ سال سے مرکز میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت ہے۔ اگر اسے تینوں ایم سی ڈیز کو ضم کرنا تھا تو اس نے پچھلے سات سالوں میں ایسا کیوں نہیں کیا؟ الیکشن کی تاریخوں کے اعلان سے ایک گھنٹہ پہلے انہیں اچانک یاد آیا کہ تینوں ایم سی ڈیز کو ضم کرنا ہے، اس لیے الیکشن ملتوی کر دیا جائے۔ لوگ کہہ رہے ہیں کہ ایم سی ڈی کو ضم کرنا محض ایک بہانہ ہے۔ اصل مقصد انتخابات کو ملتوی کرنا تھا، کیونکہ بی جے پی کو لگتا تھا کہ اگر دہلی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات ہوں گے تو عام آدمی پارٹی کی زبردست لہر آئے گی۔ بی جے پی اس لہر میں بہہ جائے گی اور شکست کھا جائے گی، اس لیے یہ انتخابات کو ملتوی کرنے کی نیت سے کیا گیا ہے۔آپ کنوینر نے مزید کہا کہ لوگ یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ تینوں میونسپل کارپوریشنوں کو ایک ساتھ کرانے سے الیکشن کا کیا تعلق؟ آج دہلی میں تین میونسپل کارپوریشن ہیں اور کل 272 وارڈ ہیں۔ تینوں میونسپل کارپوریشنوں کے کونسلر اپنے اپنے میونسپل کارپوریشن میں بیٹھتے ہیں۔ الیکشن ہونے دیں۔ اس لیے الیکشن ملتوی کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔ لیکن ان کا مقصد تین میونسپل کارپوریشنوں کو متحد کرنا نہیں تھا۔ اگر کرنا ہوتا تو یہ لوگ سات سال میں کر لیتے۔ ان کا مقصد صرف الیکشن ملتوی کرنا تھا۔ یہ ملک کے لیے اچھا نہیں ہے۔ دونوں چیزیں اچھی نہیں ہیں۔