میوزک کیریئر کیلئے گپی گریوال اور اہلیہ نے 3 ملازمتیں کیں

ممبئی، ستمبر۔ گلوکار گپی گریوال نے پنجابی فلموں کے لیے گیت گائے اور بیانتہا نام کمایا، ان کی پہلی البم ’چک لے‘ 2002ء میں ریلیز ہوئی تھی۔حال ہی میں انہوں نے انٹرویو میں بتایا کہ شہرت اور دولت سے حاصل کرنے سے قبل انہوں نے موسیقی میں اپنا کیریئر بنانے کے لیے کینیڈا میں تین ملازمتیں کیں۔گپی گریوال نے کہا کہ ان کی اہلیہ رونیت کور نے بھی ان ہی کی طرح مختلف ملازمتیں کیں تاکہ گپی موسیقی پر توجہ دے سکیں۔انہوں نے کہا کہ وہ ماہانہ 700 سے 800 ڈالر کماتے تھے، کئی پنجابی گلوکاروں پر کمپنیز نے سرمایہ لگانا بند کر دیا تھا اور البم بنانا مہنگا کام ہوچکا تھا۔گپی کا کہنا ہے کہ میں نے فیصلہ کیا کہ البم بنانے کے لیے پیسے میں خود کماؤں گا۔انہوں نے کہا کہ وہ صبح اخبار ڈالتے تھے، پھر 8 گھنٹے ایک فیکٹری میں اینٹیں بناتے تھے اور رات کو وہ اور ان کی اہلیہ بڑے مالز میں پونچھا لگانے اور برتن دھونے کا کام کرتے تھے۔گپی گریوال نے کہا کہ دن میں میری مزدوری والی ملازمت کے دوران اہلیہ ریستوران میں سینڈوچ بناتی تھیں، باقی دونوں ملازمتیں ہم ساتھ کرتے تھے۔اہلیہ گاڑی چلاتی تھیں اور میں اخبار ڈالتا تھا اور رات کو جھاڑو پونچھا ہم ساتھ کرتے تھے۔واضح رہے کہ رواں سال شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق گپی گریوال کے اثاثے 70 لاکھ ڈالر کے ہیں۔

Related Articles