مینڈھر: فوجی گاڑی میں آگ لگنے سے 5 فوجی ہلاک
جموں ، اپریل۔جموں وکشمیر کے پونچھ ضلع کے بھاٹہ دڑیاں جنگلی علاقے میں جمعرات کے روز فوجی گاڑی سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود پانچ فوجی جھلس جانے سے جاں بحق ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق جمعرات کی سہ پہر کو پونچھ کے بھاٹہ دڑیاں جنگلی علاقے میں معمول کی پیٹرولنگ کے دوران ایک فوجی گاڑی سے اچانک آگ نمودار ہوئی ۔معلوم ہوا ہے کہ دوسری گاڑی میں موجود فوجی اہلکاروں نے آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی تاہم تب تک بہت دیر ہو چکی تھی ۔آگ کی اس واردات میں پہلے چار فوجی اہلکار ہلاک اور بعد ازاں ہسپتال میں ایک اور فوجی زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا اور اس طرح سے اس واقعے میں ابتک پانچ اہلکار از جان ہوئے ہیں۔اس حادثے میں مزید کئی اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔دریں اثنا دفاعی ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بدھ کی سہ پہر کو پونچھ کے بمبھر گلی علاقے میں فوجی گاڑی سے اچانک آگ نمودار ہوئی ۔انہوں نے کہاکہ آگ کی اس واردات میں پانچ اہلکار جاں بحق ہوئے ہیں۔ان کے مطابق اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔فوج کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں آگ کی وجوہات کے بارے میں کچھ بھی نہیں کہا گیا ہے ۔ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں فوجی گاڑی سے آگ نمودار ہوئی تاہم دفاعی ترجمان نے اس ضمن میں کچھ بھی کہنے سے انکار کیا۔