میاں بیوی 6 منٹ میں 12 برگر کھاکر بل دیے بغیر ریسٹورینٹ سے فرار

لندن،فروری۔اکثر و بیشتر مالکان اپنے ریسٹورینٹس کی تشہیر کے لیے مختلف اسکیمیں نکالتے ہیں جس میں کبھی کھانے پر اچھا خاصہ ڈسکاؤنٹ دیا جاتا ہے تو کبھی بائے ون گیٹ ون فری جیسی پیشکش کی جاتی ہیں۔برطانیہ کے کاؤنٹی ولٹشائر کے علاقے مارلبورو کے ایک ریسٹورینٹ نے بھی اپنے گاہکوں کو ایسی ہی پیشکش کی جو مالک کو مہنگی پڑی۔ریسٹورینٹ مالک نے پیشکش کی کہ جو بھی 6 منٹ میں 12 برگر کھائے گا اس سے پیسے وصول نہیں کیے جائیں گے۔ریسٹورینٹ کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا تھا کہ اس آفر سے فائدہ اٹھانے کے لیے دو لوگ اہل نہیں ہوں گے، 12 برگر صرف ایک ہی شخص کو کھانا ہوں گے مگر ایک جوڑے نے ریسٹورینٹ کی آنکھوں میں خوب دھول جھونکی۔ریسٹورینٹ کے اس چیلنج کو قبول کرکے میاں بیوی وہاں پہنچے اور برگر کھانا شروع کیے ، اس دوران ریسٹورینٹ کا عملہ مصروفیت کے سبب ان پر نظر نہیں رکھ سکا اور میاں بیوی چالاکی سے 6 منٹ میں 12 برگر کھاگئے اور بل ادا کرنے سے انکار کردیا۔عملے کے مطابق دونوں نے درجن برگر کا آرڈر دیا اور 6 منٹ میں ختم کردیے جب ان سے بل مانگا گیا تو انہوں نے یہ کہہ کر بل دینے سے منع کیا کہ ہم نے تو چیلنج پورا کیا ہے، اور فرار ہوگئے۔ریسٹورینٹ کے مالک کے مطابق انہوں نے جوڑے سے 174 پاؤنڈ وصول کرنے ہیں جس کے لیے انہوں نے پولیس کو دھوکا دہی کی شکایت کی ہے۔

 

Related Articles