مہنگائی پر کانگریس کا ہنگامہ، شیوراج نے سب سے بجٹ تقریر سننے کی اپیل کی
بھوپال، مارچ ۔مدھیہ پردیش اسمبلی میں آج مالی سال 2023-24 کا سالانہ بجٹ پیش کرنے کے دوران مرکزی اپوزیشن کانگریس کے اراکین نے ایل پی جی سلنڈرکی قیمتوں میں اضافے کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے ہنگامہ کیا اور واک آؤٹ کیا۔کانگریس ارکان نے کہا کہ مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے عام لوگ پریشان ہیں۔واک آؤٹ کے بعد جب کانگریس کے ارکان ایوان میں واپس آئے تو وہ مہنگائی اور دیگر مختلف مسائل پر لگاتار اعتراض کرتے رہے، آخر کار وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے تمام اراکین سے پرسکون رہنے اور بجٹ تقریر سننے کی درخواست کی۔ مسٹر چوہان نے کہا کہ اپوزیشن کو اپنی بات کہنے کا حق ہے، لیکن عوام بھی بجٹ تقریر سننا چاہتے ہیں۔ انہوں نے قائد حزب اختلاف ڈاکٹر گووند سنگھ اور سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ کو مخاطب کرتے ہوئے درخواست کی کہ وہ اپنے اراکین کو پرسکون کریں اور بجٹ تقریر کو پرامن طور پر چلنے دیں۔اس کے بعد سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے کہا کہ مہنگائی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ایک طرف آپ لوگ (حکومت) لاڈلی بہنا اور اس جیسی دیگر اسکیموں کی بات کرتے ہیں تو دوسری طرف سلنڈر کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ اس دوران پارلیمانی امور کے وزیر نروتم مشرا کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ اس حکومت نے گیس سلنڈر کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا ہے۔اس پیشرفت کے بعد وزیر خزانہ بجٹ تقریر پڑھتے رہے اور اپوزیشن ارکان درمیان میں بولتے رہے۔