مہاراشٹر کے 12 بی جے پی ارکان اسمبلی کی معطلی غیر آئینی: سپریم کورٹ
نئی دہلی، جنوری ۔ سپریم کورٹ نے جمعہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے 12 ارکان اسمبلی کو مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی سے ایک سال کے لیے معطل کئے جانے کو غیر آئینی، غیر قانونی اور من مانی قرار دیا۔جسٹس اے۔ ایم کھانولکر کی صدارت والی بنچ نے آج اس معاملے میں اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ معطلی ایک سیشن سے زیادہ وقت کے لیے نہیں ہو سکتی۔بنچ نے کہا کہ 5 جولائی 2021 کو مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی کی قرارداد غیر آئینی ہے، جس میں 12 ارکان اسمبلی کو ایک سال کے لیے معطل کیا گیا تھا۔سپریم کورٹ نے آج معطل ارکان اسمبلی آشیش شیلار اور دیگر کی طرف سے دائر مفاد عامہ کی عرضی پر اپنا فیصلہ سنایا۔بنچ نے متعلقہ فریقین کو سننے کے بعد 19 جنوری کو اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔بنچ نے عرضی گزاروں کی دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک سال کے لئے معطلی کی کارروائی ’اخراج سے بھی بدتر‘ سمجھی جائے گی کیونکہ ایوان میں متعلقہ انتخابی حلقہ کی نمائندگی نہیں ہوگی۔عدالت عظمی کی بنچ نے گزشتہ سماعت کے دوران آئینی التزامات کاحوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ کوئی انتخابی حلقہ چھ مہینہ سے زیادہ وقت تک بغیر نمائندگی کے نہیں رہ سکتا۔ ایسے میں ان منتخب نمائندوں کی ایک سال کے لئے معطلی سزا کے زمرہ میں آئے گی۔بنچ نے کہا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 190(4)میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی رکن ایوان کی اجازت کے بغیر 60دنوں کی مدت کے لئے غیرموجود رہتا ہے تو وہ سیٹ خالی سمجھی جائے گی۔کچھ اراکین اسمبلی کا موقف رکھ رہے سینئر وکیل مہیش جیٹھ ملانی نے عدالت عظمی کے سامنے دلیل دیتے ہوئے کہا کہ طویل عرصہ تک معطلی عرضی گزاروں کے آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔بنچ نے گزشتہ سماعت کے دوران مہاراشٹر حکومت کا موقف رکھ رہے سینئر وکیل مسٹر سندرم کی اس دلیل کو خارج کردیا تھا کہ عدالت اسمبلی کی طرف سے لگائی گئی سزا کی مدت کی جانچ نہیں کرسکتی ہے۔مہاراشٹر کے پارلیمانی امور کے وزیر انل پرب نے اراکین اسمبلی کی معطلی سے متعلق قرارداد پیش کی تھی۔12اراکین اسمبلی کی معطلی سے متعلق یہ قرارداد پانچ جولائی کو ایوان نے صوتی ووٹ سے منظور کردی تھی۔اراکین اسمبلی پر پریزائیڈنگ افسر بھاسکر جادھو کے ساتھ بدسلوکی کرنے کا الزام لگایا تھا۔ملزم اراکین اسمبلی میں آشیش شیلر، سنجے کٹے، ابھیمنیو پوار، گریش مہاجن، اتل بھٹکھلکر، یوگیش ساگر، جے کمار راوت، پراگ الوانی، ہریش پنپلے، نارائن کوچے، رام ست پوتے اور بنٹی بھنگدیا شامل ہیں۔