مکی آرتھر بھی نیوزی لینڈ کی جانب سے دورہ پاکستان کی منسوخی کے فیصلے پر افسردہ
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ مکی آرتھر نے بھی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی منسوخی کے فیصلے پر افسردگی کا اظہار کیا ہے۔اپنی ٹوئٹ میں مکی آرتھر کا کہنا تھاکہ نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کی منسوخی پر دکھ ہے۔ان کا کہنا تھاکہ پاکستان کرکٹ سے محبت کرنے والوں کا ملک ہے جنہوں نے میرا تین سالہ قیام کافی یادگار بنایا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ون ڈے میچ کے آغاز میں تاخیر ہوئی تھی جس کے حوالے سے یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ شاید کورونا کی وجہ سے کھلاڑیوں کو ہوٹل میں ہی رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔پھر یہ خبر سامنے آئی کہ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے میچ منسوخ کیا گیا ہے تاہم بعد میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے دورہ پاکستان ختم کردیااور اس کی وجہ سکیورٹی خدشات ہیں۔