موہن بھاگوت سندھو سماگم سے خطاب کریں گے
بھوپال، مارچ۔ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت آج یہاں سندھو سماگم سے خطاب کریں گے۔ اس تقریب میں مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان بھی موجود ہوں گے۔بھارتیہ سندھو سبھا کی جانب سے یہاں بھیل دسہرہ میدان میں سندھو سماگم کا انعقاد کیا گیا ہے، جس میں اس برادری سے جڑے اورریاست کے ہزاروں کارکنان شرکت کریں گے۔ مسٹربھاگوت پروگرام میں شرکت کے لیے یہاں پہنچ چکے ہیں۔اس پروگرام کے کوآرڈینیٹر اوربھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی جنرل سکریٹری بھگوان داس سبنانی نے بتایاکہ اس پروگرام میں ملک کے مختلف حصوں سے ہزاروں مرد و خواتین حصہ لے رہے ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی بھی مسٹر بھاگوت کے آج کے دورے کے ایک دن بعد ہفتہ کو بھوپال قیام پر ہوں گے۔ اس کے علاوہ شہر میں اعلیٰ فوجی افسران کی تین روزہ کانفرنس بھی جاری ہے۔ اس کے پیش نظر شہر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ پولیس انتظامیہ نے آج اور کل متعلقہ تقریب کے مقامات کے گرد روٹ کی تبدیلی کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کی ہے۔