مورگن انگلینڈ کی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کپتانی چھوڑ سکتے ہیں

لندن، جون۔ ایون مورگن ساڑھے سات سال ذمہ داری سنبھالنے کے بعد منگل کو انگلینڈ کے محدود اوورز کی کپتانی سے دستبردار ہو سکتے ہیں۔ مورگن کی تقرری 2014 میں ہوئی تھی۔ انہوں نے محدود اوورز کی کرکٹ میں انگلینڈ کے نقطہ نظر کو تبدیل کرنے میں قیادت کی۔ مورگن نے ون ڈے ٹیم میں تبدیلی کی اور انگلینڈ کو 2019 میں اپنا پہلا ورلڈ کپ ٹائٹل دلایا، لیکن ان کی فارم اور فٹنس نے انہیں اپنے مستقبل پر غور کرنے پر مجبور کر دیا۔ دائیں ٹانگ کے پٹھے میں مستقل چوٹ کی وجہ سے وہ اس سال لگاتار میچ نہیں کھیل سکے ہیں۔ نیدرلینڈز کے خلاف تیسرے ون ڈے میں مورگن انجری کے باعث نہیں کھیل پائے تھے جب کہ سیریز کے پہلے دو میچوں میں وہ صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔انگریزی اخبار دی گارڈین نے اتوار کو رپورٹ کی کہ مورگن اپنے مستقبل کے بارے میں سوچ رہے ہیں اور وہ منگل کو بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے ہیں۔ مورگن کی غیر موجودگی میں ٹیم کی کمان سنبھالنے والے جوس بٹلر کو ان کی جگہ کپتان بنایا جا سکتا ہے۔اس سے قبل معین علی نے بی بی سی کے ٹیسٹ میچ اسپیشل میں کہا تھا کہ ’وہ محسوس کر رہے ہیں کہ وہ اب انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیل سکتےہیں۔مورگن نے 2019 اور 2020 میں بہترین کرکٹ کھیلا، لیکن وہ گزشتہ 18 مہینوں میں کچھ خاص نہیں کرسکے ہیں ۔ انہوں نے 2021 کے آغاز سے لے کر اب تک محدود اوورز کی کرکٹ کی 48 اننگز میں صرف ایک میں نصف سنچری اسکور کی ہے۔ وہ نیدرلینڈ کے خلاف حالیہ سیریز میں بھی رن بنانے میں ناکام رہے۔

Related Articles