مودی کل کریں گے کاشی وشوناتھ کاریڈور کا افتتاح
وارانسی:دسمبر. وارانسی کی تصویر بدلنے اور اس کے تہذیبی، روحانی اور تعلیمی مرکز ہونے کی پرانی شبیہ کو بحال کرنے کے دعوی والے پروجکٹ کاشی وشوناتھ کاریڈور کا وزیر اعظم نریندر مودی کل افتتاح کریں گے۔ریاست کی گورنر آنندی بین پٹیل اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اس شاندار تقریب میں شرکت کریں گے۔وزیر اعظم کےعظیم کاشی کے ویژن کے تحت تیار کیا گیا کاریڈو جہاں ایک طرف عقیدت مندوں کو گنگا سے مندر تک آسان آمدورفت کی سہولیت فراہم کرے گا دوسری طرف نہ صرف وارانسی بلکہ پورے پوروانچل کو ترقی کے نئے منازل پر لے جائے گا۔اس سے نہ صرف سیاحت میں اضافہ ہوگا بلکہ کاروبار اور تجارت کو فروغ حاصل ہوگا جس سے خطے میں نوجوانوں کے لئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔افسران نے اتوار کو بتایا کہ20۔25فٹ چوڑاکاریڈور گنگا ندی کے للتا گھاٹ کو مندر کے احاطے میں واقع مندر چوک سے جوڑتا ہے۔کاشی وشوناتھ کاریڈور سے قبل مندر کو گنگا سے نہیں دیکھا جاسکتا تھا اور عقیدت مندوں کو مندر تک رسائی کے لئے متعدد تنگ،گندی اور گنجان گلیوں سے ہوکر گذرنا پڑتا تھا۔وزیر اعظم کا ویژن کاریڈور کے ذریعہ کاشی کو اسمارٹ سٹی میں تبدیل کرنا تھا۔ان کا مقصد ایک ایسے کاریڈور کی تعمیر تھا جو عقیدت مندوں اور سیاحوں کے لئے تمام طرح کی سہولیات سے لیس ہو۔اور اس تمام کے دوران کاشی کا روحانی و تہذیبی ورثہ پوری طرح محفوظ رہے۔کاشی میں 70کلو میٹر لمبے پنچ کوشی روٹ کو 108اہم مندروں،44شلٹر ہومس،پول،اور گیسٹ ہاوس کو مزین کرکے اسے ایک بین الاقوامی شکل دی گئی ہے۔گودولا ملٹی لیول پارکنگ کو اس طرح سے بنایا گیا ہے جس میں زائرین و سیاحوں کی سینکڑوں گاڑیاں پارک کی جاسکتی ہیں۔ جبکہ سیاحت کو فروغ دینے کے لئے گنگا میں کروز سہولیت کو متعارف کرایا گیا ہے۔وارانسی۔غازی پور ہائی وے پر تین لین فلائی اووربنایا گیا ہے۔ساتھ ہی ہائی وے پر متعدد فوٹ کورٹ و کیفے تعمیر کئے گئے ہیں۔وارانسی کے باشندوں کے دوستانہ ماحول سے متاثر ہوکر ’رودر رکشک کنونشن سنٹر‘ جاپان کے تعاون سے بنایا گیا ہے جس کے اخراجات کا حجم تقریبا 186کروڑ روپئے ہے۔سنٹر میں 1200افراد کے بیک وقت بیٹھنے کی سہولیت ہے۔ جس میں جدید سہولیات جیسے میٹنگ روم،آرٹ گیلری اور کثیر مقصدی پری فنکشن مقامات دستیاب ہیں۔سنٹر فنکاروں کو اپنے فن کے مظاہرے اور عوام سے تبادلہ خیال کی سہولیت بھی فراہم کرتا ہے۔علاوہ ازیں موثر ٹریفک کنٹرول اور پولیس منجمنٹ وطبی ایمرجنسی کو ہینڈل کرنے کے لئے انٹگریٹیڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر(آئی سی سی)بنایا گیا ہے۔ آئی سی سی سنٹر کورونا وائرس کی دوسری لہر میں کافی معاون ثابت ہوا۔مزید یہ کہ اسمارٹ پولیسنگ کے مقصد کے تحت 720مقامات کے حساس جگہوں پر 3000سی سی ٹی کیمرے لگائے گئے ہیں۔جو زائرین کو مزید سیکورٹی فراہم کرتے ہیں۔پورے شہر میں چھ مقامات پر ایل ای ڈی اسکرین لگائی گئی ہیں۔ جوکہ شہر کے تعلق سے اہم اطلاعات فراہم کرتی ہیں۔اس اور اس طرح کی وارانسی کے دیگر پروجکٹوں کا مقصد کاشی کو نئی شناخت اور اس کے تہذبی و روحانی ورثہ کو قائم رکھتے ہوئے اسے صاف وشفاف و اسمارٹ سٹی بنانا ہے۔