منڈاویہ نے کووڈ پر ریاستوں کے ساتھ میٹنگ کی
نئی دہلی، دسمبر۔ صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر منسکھ منڈاویہ نے جمعہ کو عالمی سطح پر کووڈ 19 کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر ریاستوں کے وزرائے صحت کے ساتھ ملک کی صحت عامہ کی تیاریوں کے جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ کے دوران مسٹر منڈاویہ نے مرکز اور ریاستوں کو مشورہ دیا کہ وہ کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پوری تیاری رہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تعاون کے جذبے سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ جائزہ میٹنگ میں ریاستوں کے چیف سکریٹریز اور ایڈیشنل چیف سکریٹریز اور انفارمیشن کمشنر بھی موجود تھے۔ جائزہ میٹنگ میں ڈاکٹر بھارتی پروین پوار، صحت کے مرکزی وزیر مملکت اور ڈاکٹر وی کے پال، رکن (صحت)، نیتی آیوگ نے بھی شرکت کی۔پڈوچیری کے وزیر اعلیٰ این رنگاسوامی، تریپورہ کے وزیر اعلیٰ اور وزیر صحت ڈاکٹر مانک ساہا، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، راجستھان کے وزیر صحت پرسادی لال مینا، اتراکھنڈ کے وزیر صحت دھن سنگھ راوت، آسام کے وزیر صحت کیشب مہنت، کرناٹک کے وزیر صحت ڈاکٹر کے سدھاکر ، جھارکھنڈ کے وزیر صحت بننا گپتا، مدھیہ پردیش کے وزیر صحت پربھورام چودھری، پنجاب کے وزیر صحت ایس چیتن سنگھ جوراماجرا، چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ ٹی ایس سنگھ دیو، منی پور کے وزیر صحت سپم رنجن سنگھ، ہریانہ کے وزیر صحت انل وج، تمل ناڈو کے وزیر صحت تھرو ما سبرامنیم، آندھرا پردیش کی وزیر صحت وداڈلا رجنی اور کیرالہ کی وزیر صحت وینا جارج نے جائزہ میٹنگ میں شرکت کی۔مسٹر منڈاویہ نے کہا کہ کووڈ کے نئے ویریئنٹ کے باوجود ’ٹیسٹ-ٹریک-ٹریٹ ویکسینیٹ اور کووڈ مناسب رویے پر عمل‘، کووڈ مینجمنٹ کے لیے وقت کی آزمائشی حکمت عملی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے صحت عامہ کے مناسب اقدامات کرنے میں مدد ملے گی۔ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو جانچ میں اضافہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ تمام اہل آبادی بالخصوص بزرگ اور کمزور آبادی والے گروپوں کی ویکسی نیشن میں تیزی لائی جائے۔جائزہ میٹنگ میں آنے والے تہواروں کے سیزن کے پیش نظر، انہوں نے کووِڈ کے معیارات پر عمل کرنے کے حوالے سے عوامی بیداری مہم کی اہمیت پر زور دیا۔