منوج سنہا نے زیرو برج سے گاندربل جانے والے عقیدت مندوں کو جھنڈی دکھائی

سری نگر،ستمبر۔جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو یہاں زیر برج سے گاندربل جانے والے عقیدت مندوں سے بھرے شکاروں کو ہری جھنڈی دکھائی۔یہ عقیدت مند گاندربل میں حضرت سید قمر الدین بخاری (رح) کے عرس میں شرکت کرنےکے لئے جا رہے تھے۔بتادیں کہ زیرو برج سے گاندربل تک آبی ٹرانسپورٹ تین دہائیوں کے طویل وقفے کے بعد بحال ہوا ہے۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ زیرو برج سے گاندربل میں عرس سید قمر الدین بخاری (رح) میں شرکت کے لئے جانے والے عقدیت مندوں اور فنکاروں سے بھرے شکاروں اور کشتیوں کو ہری جھنڈی دکھائی۔انہوں نے کہا کہ اس طرح آج سری نگر سے گاندربل تک آبی ٹرانسپورٹ بھی بحال ہوا۔اس موقع پر ڈائریکٹر سیاحت کشمیر جی این یتو نے کہا کہ پہلے بھی آبی ٹرانسپورٹ کے ذریعے سیاح شہر خاص کی سیر کرتے تھے جو بند تھا۔انہوں نے کہا کہ کئی برسوں سے اس سلسلے میں کوششیں کی جا رہی تھیں۔ان کا کہنا تھا کہ آج یہ آبی ٹرانسپورٹ بھی بحال ہوا ہے جس سے یہاں کی سیاحت کو مزید فروغ ملے گا۔جموں وکشمیر وقف بورڈ کی چیئر پرسن ڈاکٹر درخشاں انداربی نے اس موقع پر کہا کہ آج یہ جشن تیس پنتیس برسوں کے بعد منایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک خوش آئند بات ہے اور امید ہے کہ اب مزید راستے بھی کھل جائیں گے۔

Related Articles