منموہن سنگھ کی حالت مستحکم، مانڈویہ نے خیریت دریافت کی
نئی دہلی اکتوبر . مرکزی وزیرخاندانی بہبود منسکھ مانڈویا جمعرات کی صبح نئی دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) پہنچے اور سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ سابق وزیراعظم کی طبیعت خراب ہونے کے بعد بدھ کی شام ایمس میں داخل کرایا گیا تھا۔مسٹر مانڈاویا نے 89 سالہ ڈاکٹر سنگھ کا علاج کرنے والے ڈاکٹر سے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ مسٹر مانڈاویہ نے ڈاکٹر سنگھ سے بھی بات کی۔اس درمیان وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی سابق وزیر اعظم کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔ مسٹر مودی نے ٹویٹ کیا، میں ڈاکٹر منموہن سنگھ جی کی اچھی صحت اور جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتا ہوں۔ ذرائع کے مطابق سینئر کانگریس لیڈر اور سابق وزیر اعظم کو بخار اور کمزوری کی شکایت کے بعد دہلی کے ایمس ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔اسپتال ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹر سنگھ کی حالت مستحکم ہے اور ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ان کی دیکھ بھال کر رہی ہے۔ڈاکٹر سنگھ اس سال اپریل میں کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے اور تب بھی انہیں ایمس میں داخل کرایا گیا تھا۔ سابق وزیر اعظم نے اس سال 4 مارچ اور 3 اپریل کو کوویڈ ویکسین لی تھی۔ڈاکٹر سنگھ فی الحال راجستھان سے راجیہ سبھا کے رکن ہیں۔ وہ سال 2004 سے 2014 تک وزیر اعظم رہے۔ سال 2009 میں ایمس میں ہی ان کے دل کاآپریشن کیا گیا تھا۔