منشیات کے کیس میں بیٹے کی گرفتاری کے بعد شکتی کپور کا ردعمل آگیا

ممبئی،جون۔ منشیات استعمال کرنے کے الزام میں اپنے بیٹے سدھانتھ کپور کی بنگلور میں گرفتاری کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے سینئر بالی ووڈ اداکار شکتی کپور کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے سے قطعاً لاعلم ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شکتی کپور نے بتایا کہ مجھے میرے بیٹے کی گرفتاری کا علم انڈیا ٹوڈے کی خبر سے ہوا۔ اس کے علاوہ میں فی الحال اس حوالے سے کچھ نہیں جانتا۔شکتی کپور نے کہا کہ ’’میں صبح 9بجے بیدار ہوا تو خبر آ رہی تھی کہ منشیات استعمال کرنے کی وجہ سے میرے بیٹے کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ہمارا خاندان اس سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن وہ فون نہیں اٹھا رہا۔ فی الحال مجھے معلوم نہیں کہ اس کے ساتھ حقیقت میں کیا ہوا ہے۔‘‘ واضح رہے کہ شکتی کپور کے بیٹے اور اداکارہ شردھا کپور کے بھائی سدھانتھ کپور کو بنگلور کے پارک ہوٹل میں ہونے والی ایک پارٹی میں بطور ڈی جے بلایا گیا تھا۔ پولیس نے اطلاع ملنے پر پارٹی پر چھاپا مارا اور لگ بھگ 35لوگوں کے ٹیسٹ کرائے جن کے نتائج میں سدھانتھ کپور سمیت 6افراد کے منشیات استعمال کرنے کی تصدیق ہو گئی جس پر ان چھ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

Related Articles