منشیات کیس: شاہ رخ خان کے ڈرائیور سے 6 گھنٹے تک تفتیش
ممبئی،اکتوبر۔منشیات استعمال کرنے کے الزام میں گرفتار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے کیس میں انسداد منشیات فورس نے تقریباً 6 گھنٹے تک بولی وڈ بادشاہ کے ذاتی ڈرائیور سے پوچھ گچھ کی۔’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق شاہ رخ خان کے ڈرائیور کو تفتیش کے لیے نارکوٹکس فورس کے سامنے پیش ہونے کا سمن جاری کیا گیا تھا، جس پر وہ انسداد منشیات فورس کے سامنے پیش ہوئے۔آریان خان کو منشیات پہنچانے کے الزام میں شاہ رخ خان کے ذاتی ڈرائیور سے انسداد منشیات فورس نے تقریباً 6 گھنٹے تک تفتیش کی جب کہ اسی دن نارکوٹکس فورس نے مزید کارروائی کرتے ہوئے دوسرے افراد کو بھی گرفتار کرلیا۔اسی حوالے سے ’ہندوستان ٹائمز‘ نے بتایا کہ شاہ رخ خان کے ڈرائیور کا بیان نارکوٹکس کے دفتر میں ریکارڈ کیا گیا، تاہم تاحال ان کی جانب سے دیے گئے بیان کی کاپی سامنے نہیں آ سکی۔شاہ رخ خان کے ڈرائیور کو انسداد منشیات فورس نے 9 اکتوبر کو سمن جاری کرتے ہوئے 10 اکتوبر کو طلب کیا تھا، جس پر انہوں نے نارکوٹکس کے دفتر پہنچ کر بیان قلم بند کروایا۔دوسری جانب آریان خان کی ضمانت کے لیے ممبئی کی سیشن کورٹ میں درخواست بھی دائر کردی گئی، جس پر 13 اکتوبر کو سماعت ہونے کا امکان ہے۔آریاں خان کی درخواست پر 11 اکتوبر کو سماعت ہونی تھی مگر عدالت نے اس دن سماعت نہیں کی، اس سے قبل میٹروپولیٹن عدالت نے 7 اکتوبر کو ان کی ضمانت درخواست مسترد کردی تھی۔آریان خان کو میٹرو پولیٹن عدالت نے 7 اکتوبر کو 14 دن کے عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجا تھا، جس کے بعد 8 اکتوبر کو انہیں آرتھر جیل منتقل کیا گیا تھا۔آریان خان کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے دوستوں ارباز مرچنٹ، منمن دھمیچا، نوپور سریکا، اسمیت سنگھ، موہک جسوال، وکرانت چوکر اور گومت چوپڑا سمیت منشیات استعمال کرنے کے الزام میں 3 اکتوبر کروز پارٹی سے گرفتار کیا تھا۔آریان خان اور ان کے ساتھیوں پر الزام ہے کہ مذکورہ سب لوگ کروز پارٹی میں منشیات استعمال کر رہے تھے، کروز شپ میں ان کے علاوہ بھی تقریبا ڈیڑھ ہزار لوگ موجود تھے۔مذکورہ کروز ممبئی سے گووا جا رہی تھی، جس میں آریان خان دوستوں کے ہمراہ سفر کر رہے تھے کہ نارکوٹکس فورس نے ممبئی کی حدود میں ہی اس پر چھاپا مارا۔