ممتا بنرجی 30جنوری کو بیربھوم جائیں گی

کلکتہ،جنوری۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اس مہینے کے آخر میں بیر بھوم کا دورہ کریں گی ۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی 30 جنوری کو بیر بھوم کے دورے پر پہنچیں گی۔ 31 جنوری کو بیر بھوم میں ایک انتظامی میٹنگ میں شرکت کریں گی ۔ تاہم ذرائع کے مطابق سیاسی میٹنگ ہوگی یا نہیں اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ بیر بھوم میں دیوچا-پچامی کول مائن پروجیکٹ کا کام پہلے ہی شروع ہو چکا ہے۔ نوبنو کے ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اس دورے کے دوران اس پروجیکٹ میں دلچسپی رکھنے والے اراضی عطیہ دہندگان کے خاندانوں کو روزگار کےلئے تقرری نامہ دیں گی۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ صنعت کے حوالے سے کچھ اہم فیصلوں کا اعلان بھی کر سکتی ہیں۔ ترنمول کانگریس بیربھوم ضلع صدر انوبرتا منڈل اس وقت مرکزی تفتیشی ایجنسی کی حراست میں ہیں۔ ریاست میں پنچایتی انتخابات ہونے والا ہے۔ حکمراں جماعت بیر بھوم کو مضبوط کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ ممتا بنرجی ضلع میں پارٹی لیڈروں اور ورکروں سے ملاقات کرسکتی ہیں ۔ پنچایت انتخابات کب ہوں گے یہ واضح نہیں ہے۔لیکن 2023 کے الیکشن کے لیے تمام جماعتیں کمر باندھ چکی ہیں۔ پارٹی قیادت کو اپنے علاقے میں گھر گھر پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ترنمول کانگریس نے عوام تک پہنچنے کےلئے پروگرام تیار کرلیا ہے۔ممتا بنرجی انوبرتا منڈل کی غیر موجودگی میں پارٹی لیڈروں کو حوصلہ دینے کی کوشش کریں گی۔

Related Articles