ملی ٹینسی کو فروغ دینے کی خاطر جتنی بھی تعمیرات بنائی گئی اُنہیں سیل یا مسمار کیا جائے گا : پولیس سربراہ

جموں دسمبر۔ جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے پیر کے روز کہا کہ ملی ٹینسی کو فروغ دینے کی خاطر جتنی بھی تعمیرات کھڑی گئی اُن کی نشاندہی کی خاطر اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کوئی بھی وہ چیز جو ملی ٹینسی کو بڑھاوا دینے کے لئے استعمال میں لائی جارہی ہیں اُس کو سیل اور مسمار کرنا قانون کے دائرے میں آتا ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس طرح کی مہم مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے کٹھوعہ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں بہت سارے امن دشمن لوگ موجود ہیں جن کی نشاندہی کی خاطر اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ملی ٹینسی کے نام پر جموں وکشمیر میں ایسے وسائل اور عمارتیں تعمیر کی گئی ہیں جو ملی ٹینسی کو زندہ رکھنے کے لئے کسی نہ کسی صورت میں اپنا کام کر رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایسے اثاثوں ، جائیدادوں کی ایک ایک کرکے نشاندہی کی جارہی ہیں اور قانون کے دائرے میں رہ کر اُنہیں مسمار کیا جائے گا۔اُن کے مطابق دہشت گردی نے جموں وکشمیر کے لوگوں کو کافی زخم دئے ہیں لہذا اس کا قلع قمع کرنے کی خاطر سیکورٹی ایجنسیاں زمینی سطح پر کام کر رہی ہیں۔پولیس سربراہ نے کہا کہ کوئی بھی وہ چیز جو دہشت گردی کو فروغ دینے کے لئے استعمال میں لائی جارہی ہیں اُس کو سیل اور مسمار کرنا قانون کے دائرے میں آتا ہے اور یہ مہم مستقبل میں جاری رہے گی۔منشیات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں پولیس سربراہ نے کہاکہ یہ پاکستان کی نئی سازش ہے اور وہ ڈرگس کے ذریعے یہاں کے نوجوانوں او رسماج کو ٹارگیٹ کرنے کا خواہاں ہے۔انہوں نے بتایا کہ حالیہ ایام میں پولیس نے بڑی مقدار میں منشیات کی اشیاءکو ضبط کیا جو ملک کی مختلف ریاستوں تک پہنچانی تھی۔ان کے مطابق منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جارہی ہیں اور جو کوئی بھی اس میں ملوث ہوگا اُس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے بتایا : جموں وکشمیر کے مختلف اضلاع میں نئے ڈرگ ڈی ایڈکشن سینٹر کے قیام پر غو ر وغوض ہو رہا ہے۔ٹی آر ایف کی جانب سے دھمکی دینے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں پولیس سربراہ نے کہاکہ ایسا افرا تفری پیدا کرنے کی خاطر کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ٹی ایف آر کے ملی ٹینٹ ہمارے نشانے پر ہیں اور دھمکیاں دینے والوں کو بہت جلد سبق سکھایا جائے گا۔

Related Articles