ملک کی معیشت پر وزیراعلی تلنگانہ کے غلط دعوے:کشن ریڈی

حیدرآباد,فروری۔مرکزی وزیر سیاحت کشن ریڈی نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندر شیکھر راؤ اپنی ذاتی ترجیحات میں اضافہ اور عوام کو گمراہ کرنے کے لیے غلط دعوے کررہے ہیں کہ ملک کا اقتصادی شعبہ بحران کا شکار ہے۔ قومی دارالحکومت نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعلیٰ نے کل قانون ساز اسمبلی میں ملک کی شبیہ کو خراب کرنے کی بات کی تھی۔انہوں نے کہاکہ ملک پہلے جی ڈی پی ترقی کے لحاظ سے 11 ویں نمبر پر تھا، حال ہی میں اس نے برطانیہ کو پیچھے چھوڑ کر 5 واں مقام حاصل کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف کے اندازوں کے مطابق ملک 2027 میں چوتھے نمبر پر پہنچ جائے گا۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ملک پیداواری شعبے میں بھی دنیا میں پانچویں نمبر پر آگیا ہے۔ وزیر موصوف نے ہندوستانی معیشت کا بنگلہ دیش، سنگاپور اور سری لنکا جیسے ممالک کی معیشت سے موازنہ کرنے پر اعتراض کیا۔ انہوں نے وزیراعلی کو ملک کے معاشی حالات اور بیرونی ممالک کے معاشی حالات کے بارے میں گوگل پر سرچ کرنے کا مشورہ دیا۔ساتھ ہی انہوں نے ملک کی معیشت پر کھلے مباحث کے لیے آنے وقت اور جگہ کا تعین کرنے کامطالبہ کیا۔انہوں نے الزام لگایا کہ ریاست میں پروجیکٹس کے نام پر سنگین بے ضابطگیاں ہو رہی ہیں۔چندرشیکھرراو نے تلنگانہ کے بجٹ اجلاس کو سیاسی جلسوں میں تبدیل کردیا ہے اور مرکز کی توہین کے لیے اسمبلی کا استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈبل بیڈروم مکانات، بے روزگاری کے فوائد، دلتوں کے لیے تین ایکڑ اراضی، طلبہ کے مسائل، بیلٹ شاپس اور دھرانی کے مسائل پر اسمبلی میں مباحث کروائے جانے چاہئے تھے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ریاست میں پروجیکٹس کے نام پر ہزاروں کروڑ کی لوٹ مار کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ریاست بنی تھی تو 60 ہزار کروڑ کا قرض تھا، اب 5 لاکھ کروڑ کا قرض ریاست پر ہے۔

Related Articles