مرکزی حکومت اپوزیشن کو اعتماد میں لے کر بات چیت کرے

سوائی مادھوپور، دسمبر ۔ راجستھان کے سابق نائب وزیر اعلی اور کانگریس کے لیڈر سچن پائلٹ نے کہا کہ مرکزی حکومت کو اپوزیشن کو اعتماد میں لے کر ہند-چین سرحدی تنازعہ پر بات چیت کرنی چاہئے۔ بھارت جوڑو یاترا میں حصہ لیتے ہوئے مسٹر پائلٹ آج صبح میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ مسٹر پائلٹ نے کہا کہ حکومت کا یہ بیان ہندوستان-چین سرحد پر پیش آنے والے واقعہ کے پانچ دن بعد آیا ہے، لیکن اس میں کوئی نئی بات نہیں ہے۔ مرکزی حکومت کو اپوزیشن کو اعتماد میں لے کر اس مسئلہ پر بات چیت کرنی چاہئے، پورا ملک اس مسئلہ پر حکومت کے ساتھ کھڑا ہے، لیکن شفافیت لائے بغیر ہم آگے کیسے بڑھیں گے۔ مرکزی حکومت کو سچائی کے ساتھ بات چیت کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر چین سرحد پر تجاوزات کرنا چاہتا ہے تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے۔ ایسٹرن راجستھان کینال پروجیکٹ (ای آر سی پی ) کے بارے میں انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت اب ریشوں کی بات کر کے کنفیوژن پیدا کر رہی ہے۔ اس پورے معاملے میں سیاست کی جا رہی ہے، جو درست نہیں۔ انہوں نے اس معاملے میں بروقت کچھ نہیں کیا، جب کہ وزیر اعظم نریندر مودی دو بار راجستھان آ کر عہد کر چکے ہیں۔ اب ریشوں کی بات کرکے مرکزی حکومت معاملات کو پھنسا رہی ہے۔ اسے اپنے بیان پر قائم رہنا چاہیے۔ مسٹر پائلٹ نے کہا کہ مسٹر راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا میں بہت زیادہ بھیڑ جمع ہو رہی ہے۔ اس دورے کے ذریعہ مسٹر راہل گاندھی کے ذریعہ اٹھائے گئے مسائل کو ملک اور ریاست کے عوام قبول کررہے ہیں۔

Related Articles