مرمو نے لنگراج مندر میں پوجا کی
بھونیشور، فروری۔ اوڈیشہ کے دورے پر آئیں صدر دروپدی مرمو نے ہفتہ کو لنگراج مندر میں بھگوان شیو کی پوجا کی۔ صدر راج بھون سے نکل کر لنگراج مندر گئیں۔ مندر کے پاس پہنچنے کے بعد وہ بندوساگر کے پاس گئیں اور اپنے پاؤں دھوئے۔ بندوساگر سے وہ ننگے پاؤں لنگاراج مندر میں دیوتاؤں کے درشن کئے اورپرارتھنا کی۔ صدر جمہوریہ کے ساتھ اوڈیشہ کے گورنر پروفیسر گنیشی لال بھی تھے۔ انہوں نے وہاں موجود بچوں سے بھی بات چیت کی۔مسز مرمو کے دورہ کے پیش نظر مندر کے اندر اور باہر سیکورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے تھے۔ ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پولیس کمشنر سمیت کئی سینئر افسران موجود تھے۔ مندر کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا اور صدر کے استقبال کے لیے روایتی قبائلی رقص، گانے اور سنکیرتن کا اہتمام کیا گیا تھا۔ صدر کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد سڑک کے دونوں طرف قطار میں کھڑی تھی۔مندر کے پنڈتوں نے بتایا کہ مسز مرمو نے مندر کے مقدس مقام میں پوجا کی اور بھگوان لنگراج کا جلبھیشیک کیا۔ انہوں نے مندر کے احاطے میں ماں گوری، ماں بھونیشوری، سندھی ونائک کے مندروں میں بھی پوجا کی۔ وہاں سے صدر نیشنل رائس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، ودیادھر پور، کٹک کے لیے روانہ ہوئیں۔ وہ کٹک میں آئی سی اے آر-نیشنل رائس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں دوسری انڈین رائس کانگریس کا افتتاح کرنے والی ہیں۔ صدر جمہوریہ آج ہی سی آر آر آئی پروگرام کے بعد دہلی روانہ ہوجائیں گی۔